سعودی عرب : مسجد پر حملے کی کوشش ناکام ، حملہ آور ہلاک

جمعرات 25 اگست 2016 10:06

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2016ء ) سعودی عرب میں اطلاعات کے مطابق شیعہ آبادی کی اکثریت پر مشتمل مشرقی علاقے قطیف میں سکیورٹی فورسز نے ایک مسجد پر حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق قطیف کے ایک گاوٴں امہ الحمام میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں ایک مشتبہ حملہ آور مارا گیا۔ سکیورٹی فورسز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک حملہ آور کی ہلاکت کے علاوہ ایک کو زندہ گرفتار کیا گیا ہے۔

مارے جانے والے حملہ آور نے بارود سے بھری جیکٹ پہن رکھی تھی۔

(جاری ہے)

بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق گرفتار اور ہلاک ہونے والے مشتبہ حملہ آور کا تعلق سعودی عرب سے نہیں تھا تاہم ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ کچھ عرصے سے شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پانچ جولائی کو سعودی عرب کے تین شہروں میں خودکش حملے کیے گئے تھے۔ سب سے پہلا جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے باہر، دوسرا شیعہ اکثریتی علاقے قطیف اور تیسرا مدینہ میں مسجد نبوی کے قریب ہوا تھا۔قطیف میں اس سے پہلے بھی شدت پسندی کے واقعات میں شیعہ آبادی کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔