ایم کیو ایم کے وسیم اختر کراچی کے میئراور ارشد وہرہ ڈپٹی مئیر منتخب ہوگئے،غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے

کراچی اتحاد اپنا مئیر اور ڈپٹی میئر منتخب کروانے میں ناکام نتائج کا سرکاری نوٹیفکیشن 29 اگست کو جاری کیا جائے گا

جمعرات 25 اگست 2016 10:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2016ء) غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق ایم کیو ایم کے نامزدہ کردہ امیدوار وسیم اختر کراچی کے میئراور ارشد وہرہ ڈپٹی مئیر منتخب ہوگئے ہیں۔ان کے مقابل کراچی اتحاد اپنا مئیر اور ڈپٹی میئر منتخب کروانے میں ناکام رہا،کراچی کے میئر کیلئے ایم کیوایم کے وسیم اختر اور پیپلزپارٹی کے کرم اللہ کے درمیان مقابلہ تھا جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے ایم کیوایم کے ارشد وہرہ اور ن لیگ کے امان اللہ امیدوار تھے۔

ان انتخابات کے نتائج کا سرکاری نوٹیفکیشن 29 اگست کو جاری کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں میئر،ڈپٹی میئرکے انتخابات کے لیے پولنگ بغیرکسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری ر ہی۔غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدواروں کو 214 ووٹ ملے جبکہ مجموعی طور پر 308 میں سے 294 ووٹ کاسٹ کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

خواتین کی ووٹنگ کا تناسب 99 فیصد رہا۔ بدھ کے روز ہونیوالے میئر کے انتخاب کیلئے کراچی میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے میئر کے امیدوار وسیم اختر کو جیل سے سخت سیکیورٹی میں کے ایم سی بلڈنگ لایا گیا ان کے ہمراہ نامزد ڈپٹی میئر ارشد ووہرہ بھی موجود تھے۔

انتخابات کے موقع پر کے ایم سی بلڈنگ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لیجانے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ کراچی کی کے ایم سی بلڈنگ میں صبح 9بجے شروع ہوئی اور ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹرز کی طویل قطار لگ گئی۔ایم کیوایم کے ووٹرز کے کارڈز رینجرز کی جانب سے سیل کئے گئے نائن زیرو پر رہ گئے تھے جس کے باعث نمائندوں کو ووٹ ڈالنے میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم الیکشن کمیشن نے اصل شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی تھی۔

میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے 5 دسمبر کو منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔ الیکشن کمیشن ان انتخابات کے نتائج کا نوٹیفکیشن 29 اگست کو جاری کرے گا۔غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی میں چیئرمین کیلیے پی پی پی کے امیدوار ملک فیاض 28ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مقابل ایم کیوایم کے امیدوار سید ارشاد علی نے19ووٹ حاصل کیے۔

ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشست پر پی ٹی آئی کے منصور شیخ 26ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں ان کے مقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار سلطان بہادر نے 21ووٹ حاصل کیے۔غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں چیئرمین کیلیے ایم کیوایم کے امیدوار معید انور28ووٹ لے کر جبکہ وائس چیئرمین کے لیے بھی ایم کیوایم ہی کے امیدوارعبدالرؤف 30ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔

ضلع کورنگی سے ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا چیئرمین جبکہ رکن الدین وائس چیئرمین، ضلع غربی سے ایم کیو ایم کے اظہار الدین چیئر مین جبکہ کراچی اتحاد کے عزیز اللہ آفریدی 44 ووٹ لیکر وائس چیئرمین منتخب ہو گے۔ واضح رہے کراچی کے 6 ضلعی کونسل میں سے دو ضلعوں ضلع جنوبی اور ضلع ملیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین منتخب ہو گئے اور ضلع وسطی سے ایم کیو ایم کے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جس کے بعدکراچی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ بھی اختتام پذیر ہوگیا