ترکی: بم ڈسپوزل اسکواڈ پر حملہ، 2 فوجی ہلاک

بم ڈسپوزل اسکواڈ ایک دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنانے میں مصروف تھا جب ان پر حملہ کیا گیا

بدھ 24 اگست 2016 10:56

انقرہ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2016ء ) ترکی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم پر حملے کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ء امریکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ شرناق میں بم ڈسپوزل اسکواڈ ایک دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنانے میں مصروف تھا جب ان پر حملہ کیا گیا۔واقعہ صوبہ شرناق کے گاؤں انداق میں پیش آیا جہاں کردوں کی اکثریت ہے اور اس حملے کا ذمہ دار بھی کرد باغیوں کو ہی ٹھہرایا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ جس بم کو ناکارہ بنا رہا تھا وہ بھی ممکنہ طور پر کرد باغیوں نے نصب کیا تھا۔ترک میڈیا کے مطابق یہ حملہ کردستان ورکرز پارٹی کے باغیوں نے کیا جو ملک میں گزشتہ تین دہائیوں سے جنوب مشرقی ترکی میں خودمختار ریاست کے قیام کی تحریک چلارہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی شادی کی ایک تقریب میں ہونے والے خود کش حملے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر چھوٹے بچے تھے۔

بعد ازاں ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا تھا کہ خود کش حملہ آور کی عمر بھی 14 سے 18 برس کے درمیان تھی اور اس نے داعش کی ایماء پر دھماکا کیا۔یہ دھماکا کرد اکثریت والے علاقے میں کیا گیا تھا اور شادی کی تقریب میں بھی کرد کمیونٹی کے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔یاد رہے کہ ترکی میں 15 جولائی کو اقتدار پر قبضے کی ناکام کوشش کے بعد سے ایمرجنسی نافذ ہے اور بغاوت کی سازش میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :