ترک وزیر خارجہ کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات ، فتح اللہ گولن کے اداروں کے خلا ف کاروائی کا مطالبہ

گولن نیٹ ورک مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث دہشت گرد تنظیم ہے جس نے بھارت میں قدم جمالیے ہیں اس پرپابندی عائد کی جائے ،میوت چاوش اوگلو بھارت ترکی کے خدشات کو لے کر حساس ہے، سیکورٹی ایجنسیاں فتح اللہ گولن سے منسلک ان تنظیموں کو بند کرنے کے لئے انقرہ کے مطالبے پر غور کر رہی ہیں جو غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہے ہیں،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

پیر 22 اگست 2016 10:35

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2016ء)ترکی وزیر خارجہ میوت چاوش اوگلو نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کرکے فتح اللہ گولن کے اداروں کے خلا ف کاروائی کا مطالبہ کردیا۔بھارتی میڈیاکے مطابق ترک وزیر خارجہ میوت چاوش اوگلوکا کہنا ہے کہ فتح اللہ گولن دہشت گرد تنظیم ہے جس نے بھارت میں قدم جما لئے ہیں ،یہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ایک بین الاقوامی نیٹ ورک ہے جو پوری دنیا میں موجود ہے ،بھارت انہیں اپنے ملک سے دور رکھنے کے لئے فوری اقدامات کرے ۔

ترک وزیر خارجہ نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کے بعد ایک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے سشما سواراج سے مطالبہ کیا کہ فتح اللہ گولن دہشت گرد تنظیم نے بھارت میں اپنا تنظیمی اور تعلیمی نیٹ ورک کا جال پھیلانا شروع کیا ہوا ہے اور بھارت میں بھی فتح اللہ گولن کی تنظیم کے دہشت گرد موجود ہیں جو ترکی کے ساتھ ساتھ بھارت کے لئے بھی خطرے کی علامت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں فتح اللہ گولن کا دہشت گرد نیٹ ورک موجود ہے ،ترکی نے ان ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔ترک وزیر خارجہ میوت چاوش اوگلو نے کہا کہ ان خطرات کو لے کر معلومات کے تبادلے اور دہشت گردی کے خلاف کثیر الجہتی تعاون اور یکجہتی ضروری ہے،اسی پر ترکی اور بھارت دونوں توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی فوج کے اندر ایک دھڑا فتح اللہ گولن دہشت گرد آرگنائزیشن کی قیادت میں 15 جولائی کو بغاوت کرنے کی کوشش کی، تاکہ جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو اکھاڑ پھینکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی منتخب جمہوری حکومت کو بھارتی ہم منصب سشما سوراج کی طرف سے جو فوری حمایت ملی، ہم اس کی تعریف کرتے ہیں۔ دوسری طرف بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ بھارت ترکی کے خدشات کو لے کر حساس ہے اور بھارتی سیکورٹی ایجنسیاں فتح اللہ گولن سے منسلک ان تنظیموں کو بند کرنے کے لئے انقرہ کے مطالبے پر غور کر رہی ہیں جو غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :