طالبہ ماہ زیب نسیم کا اعزاز‘ 505میں سے 504نمبر حاصل کرکے پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں سب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرلی

اتوار 21 اگست 2016 11:46

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2016ء )جماعت نہم کے نتائج ،خالد بن ولید ہائی سکول کبیروالا کی ہونہار طالبہ ماہ زیب نسیم نے 505میں سے تاریخ ساز504نمبر حاصل کرکے پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں سب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ،پوزیشن ہولڈر طالبہ کے گھر اور سکول میں خوشی کا سماں ،مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ۔تفصیل کے مطابق جماعت نہم کے امتحانات برائے نہم کے نتائج 2016ء میں کبیروالا کی معروف درسگاہ خالد بن ولید ہائی سکول کبیروالا کی طالبہ ماہ زیب نسیم نے 505 میں سے 504نمبر حاصل کرکے تعلیمی بورڈ ملتان میں پہلی اور پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز میں سب سے نمایاں پوزیشن حاصل کر کے ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔

پوزیشن ہولڈر طالبہ ماہ زیب نسیم نے بتایا کہ اسکے والد محمد نسیم کمبوہ چوپڑہٹہ میں ایک چھوٹا کریانہ سٹور چلاتے ہیں ، کامیابی پراللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں جس نے میری محنت کی لاج رکھتے ہوئے مجھے اتنی بڑی خوشی سے نوازاہے ، کامیابی پر میں اور میرے گھروالے بے حد خوش ہیں ۔

(جاری ہے)

ماہ زیب نسیم نے میڈیا کو بتایا کہ مستقبل میں ڈاکٹر بننے کی خواہش مند ہوں ۔

خالد بن ولید ہائی سکول کبیروالا کے منیجنگ ڈائریکٹر مہر محمد افضل جوتہ اور پرنسپل مہر قیصر ندیم جوتہ نے کہا کہ ماہ زیب نسیم نہ صرف اپنے والدین ،سکول کا نام روشن کیا ہے بلکہ پنجاب بھر میں کبیروالا کی زرخیز دھرتی کو جو مان حاصل ہے ،اس کو مزید چار چاند لگادئیے ہیں ۔واضح رہے کہ ادارہ کے دیگر طلباء و طالبات میں علیزہ اشتیاق نے 495 ،مبشرہ قیصر اور امان زیب نے 495 نمبر حاصل کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کی بلکہ 42 طلباء و طالبات کے 400 سے زائدنمبرز ہیں۔یاد رہے کی رواں سال ادارہ کی طالبہ مشعل فاطمہ نے1065 نمبر حاصل کر کے کبیروالا میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :