ماروی میمن کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی‘ شہری کو شکایت کرنا مہنگا پڑ گیا

موٹر سائیکل سمیت تھانے بند کردیا گیا، ایس ایس پی ٹریفک کی مداخلت پر جان خلاصی ہوئی اے ایس آئی کو ایس ایس پی ٹریفک نے طلب کرلیا

ہفتہ 20 اگست 2016 11:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اگست۔2016ء) ممبر و قومی اسمبلی ماروی میمن کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی‘ شہری کو شکایت کرنا مہنگا پڑ گیا‘ موٹر سائیکل سمیت تھانے بند کردیا گیا۔ ایس ایس پی ٹریفک کی مداخلت پر جان خلاصی ہوگئی۔ شہری کو تھانے منتقل کرنے والے اے ایس آئی کو ایس ایس پی ٹریفک نے طلب کرلیا‘ باوثوق ذرائع نے بایا کہ ممبر قومی اسمبلی ماروی میمن کی گاڑی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایمبیسی روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشارہ توڑا ۔

جس پر ایک شہری نے شکایت کی کہ ماروی میمن کی گاڑی کو روکا جائے جس پر اے ایس آئی ضیاء اللہ نے شہری سے بدتمیزی کرتے ہوئے برا بھلا کہا اور شہری کو موٹر سائیکل سمیت تھانے منتقل کردیا۔ تھانہ آبپارہ منتقل کرنے کے بعد بات بڑھتی گئی ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب تک جاپہنچی‘ ایس ایس پی ٹریفک نے فوری طور پر شہری کو رہا کرنے کا حکم دیا اے ایس آئی ضیاء اللہ کے خلاف شہری کو بلاوجہ تنگ کرنے اور تکلیف پہنچانے کے سلسلے میں کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اے ایس آئی کو دفتر طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل ہی تھانوں میں وفاقی پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے ناروا سلوک کی متعدد شکایات اعلیٰ حکام کو موصول ہوتی رہیں۔ اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد عارف مسعود یاسین نے شہریوں سے تھانوں میں اچھا برتاؤ کرنے کی ہدایات بھی جاری کر رکھی ہیں۔ لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانوں میں سائلین کے ساتھ ناروا سلوک کے خاتمے کیلئے تھانوں میں کیمرے نصب کرنے کا پروگرام بھی سرد خانے کی نذر ہوکر رہ گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :