ون ڈے کی کارکردگی دیکھتے ہوئے مکی آرتھر کو ٹیم کی تنزلی کا خطرہ

ہم نے ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی جو میرے لیے نہایت پریشانی کی بات ہے، مکی آرتھر

جمعہ 19 اگست 2016 10:49

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اگست۔2016ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ٹیم کی ون ڈے میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے درجہ بندی میں ترقی کے بجائے تنزلی کا خطرہ ہے۔ ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ 'ہم نے ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی جو میرے لیے نہایت پریشانی کی بات ہے'۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ چندسالوں میں ون ڈے میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس وقت آئی سی سی کی درجہ بندی میں 9 ویں نمبر پر موجود ہے۔

دوسری جانب ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے لیے پاکستان کو غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ورلڈکپ 2019 میں میزبان انگلینڈ کے علاوہ درجہ بندی میں شامل سرفہرست 7 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ دو ٹیمیں 2018 میں کوالیفائنگ مرحلے میں کامیابی کے بعد ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔

(جاری ہے)

آرتھر کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں 9ویں نمبر کی پوزیشن اچھی نہیں ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان 9ویں درجے کی ٹیم نہیں ہے لیکن مجھے خوف ہے کہ ون ڈے میں تنزلی کا شکار ہوگی کیونکہ ٹیم کے کھیلنے کا انداز یا 90 کی دہائی جیسا انداز ہے جبکہ اب گیم میں بہت بڑی تبدیلیاں آچکی ہیں'۔قومی ٹیم کی فٹنس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل کاکول میں فوجی ٹرینر کی نگرانی میں ایک سخت ٹریننگ کیمپ کا انتظام کیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

آرتھر نے فٹنس کو بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ فٹنس اور فیلڈنگ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ہمارے کھلاڑیوں کو اس حوالے سے جلدی میں بہتری کی ضرورت ہے'۔ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ 'میں نے ون ڈے ٹیم کو دیکھا ہے اور وہ اچھی نظر آرہی ہے لیکن یہاں خاصا مشکل ہوگا'۔آرتھر نے 3 ماہ قبل پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز ان کی کوچنگ میں قومی ٹیم کی پہلی ون ڈے سیریز ہوگی۔

متعلقہ عنوان :