پی اے سی نے اب تک 911 ارب روپے کی ریکوری کی ہے،خورشید شاہ

سسٹم میں موجود کچھ خامیوں کو دور کر لیا جائے تو اس سے کہیں زیادہ وصولیوں کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ، پی اے سی سٹاف کی ٹریننگ کے اختتامی سیشن سے خطاب

جمعرات 18 اگست 2016 11:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اگست۔2016ء)قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی نے اب تک 911 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔ لیکن اگر سسٹم میں موجود کچھ خامیوں کو دور کر لیا جائے تو اس سے کہیں زیادہ وصولیوں کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات اَئی پی تھری کی جانب سے پی اے سی سٹاف کی ٹریننگ کے اختتامی سیشن سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ پی اے سی نیب اور ایف اَئی اے سے زیادہ مضبوط ادارہ ہے اور اگر اس کا اپنا الگ اور مضبوط سیکرٹریٹ بنا دیا جائے تو اس کی کارکردگی میں کئی گنا اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی اے سی نے صرف نولانگ ڈیم بلوچستان کے ٹھیکے میں وسیع پیمانے پر کرپشن کو پکڑا اور ٹھیکے کو منسوخ کرا دیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پھر نئے ٹینڈر کے ذریعے اس ڈیم کیلئے دس ارب روپے کی بچت یوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی اے سی نے پورے ملک کے مالی انتظام میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کی چھان بین کرتی ہے اس لئے اس نظام کی مضبوطی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی تجویز پر چھ سنیٹرز بھی اب پی اے سی کے حصہ بن گئے ہیں اور اس طرح اس کمیٹی میں دونوں ایوانوں کی شمولیت سے پی اے سی مزید مضبوط ہوئی ہے اور اس کی کارکردگی میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔