آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملائیشیاء کی عسکری قیادت سے ملاقات

دفاعی تعاون اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

جمعرات 18 اگست 2016 11:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اگست۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملائیشیاء کی عسکری قیادت سے ملاقات میں دفاعی تعاون اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف2روزہ دورے پر ملائیشیاء پہنچ گئے،آرمی چیف ملائیشین آرمی ہیڈ کوارٹر پہنچے تو آرمی کے چاک وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی،آرمی چیف نے اپنے ملائیشین ہم منصب راج محمد آفندی اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی اور پیشہ وارانہ امور،دہشتگردی کے خلاف جنگ ،خطے میں امن وامان کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر آرمی چیف کو ملائیشیاء کی فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی،ملاقاتوں میں پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور تربیتی امور کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا،ملائیشین عسکری قیادت نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں قابل ستائش ہیں،خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں،ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان ٹرمز آف ریفرنسز پر بھی دستخط ہوئے