دنیا میں سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار ہندوستان میں خاتون پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا

راجھستان میں یوم آزادی کے موقع پر ایک خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا کر درخت سے باندھ کر اس کے بال کاٹ دیے گئے

بدھ 17 اگست 2016 10:40

نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اگست۔2016ء ) دنیا میں سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار ہندوستان کی ریاست راجھستان میں یوم آزادی کے موقع پر ایک خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا کر درخت سے باندھ کر اس کے بال کاٹ دیے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ راجستان کے ضلع اجمیر کے ایک گاوٴں میں پیش آیا جہاں دیہاتیوں نے متعدد افراد سے جسمانی تعلقات کے الزام میں ایک خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

دیہاتیوں کا دعویٰ تھا کہ خاتون کے گاوٴں میں متعدد افراد کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم ہیں جس سے گاوٴں کا ماحول خراب ہورہا ہے۔مذکورہ گاوٴں میں 'ایک ہجوم نے خاتون کو اس کے گھر سے زبردستی باہر نکالا اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد درخت سے باندھ دیا، جہاں اس کے بال بھی کاٹ دیے گئے'۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون کو نہ صرف گاوٴں کے مردوں نے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ان کے اس جرم میں خواتین بھی شامل تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون کا شوہر اسے چھوڑ کر جاچکا ہے اور وہ اپنے دو بچوں کے ہمراہ مذکورہ گاوٴں میں رہائش پذیر ہے، خیال رہے کہ واقعے سے قبل خاتون کا کوئی پڑوسی مذکورہ الزامات سے واقف نہیں تھا۔یاد رہے کہ خاتون پر تشدد کے خلاف مقامی تھانے میں شکایت بھی کی گئی تھی جس پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تاہم 'گاوٴں والوں کو خاتون پر تشدد سے روکا نہیں گیا' اور نہ ہی خاتون کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے گئے۔

واقعے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد مقامی تھانے کے ایس ایچ او جیویندر گِل نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ہمیں خبرملی تھی کہ گاوٴں میں دو خواتین کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کسی خاتون کو درخت سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، تاہم اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔