عابد شیر علی کا وزیر کھیل سندھ کا50پش اپس کا چیلنج قبول کرنے کا اعلان

وفاق سے پنگا لینا مہنگا پڑے گا، میں ٹکٹ بھجواتا ہوں ، علی بخش مہر جم یا گراؤنڈ کا انتخاب کر لیں ، صرف پش اپس نہیں 100کلو وزن اٹھانے ، ساڑھے تین سو اٹھک بیٹھک اور 45منٹ ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر یوگا کرنے کا بھی مقابلہ ہو گا، تحریک انصاف کے رہنماؤں پر ہوائی چیزوں کا اثر ہے ، اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے ریفرنس دائر کر رہے ہیں ، مودی کا بیان دہشت گردی پرمبنی ہے ، پاکستان اب ایٹمی طاقت ہے ، بھارت ہوش کے ناخن لے وزیر مملکت پانی وبجلی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 16 اگست 2016 10:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اگست۔2016ء )وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے وزیر کھیل سندھ کا50پش اپس کا چیلنج قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق سے پنگا لینا مہنگا پڑے گا، میں ٹکٹ بھجواتا ہوں ، علی بخش مہر جم یا گراؤنڈ کا انتخاب کر لیں ، صرف پش اپس نہیں 100کلو وزن اٹھانے ، ساڑھے تین سو اٹھک بیٹھک اور 45منٹ ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر یوگا کرنے کا بھی مقابلہ ہو گا، تحریک انصاف کے رہنماؤں پر ہوائی چیزوں کا اثر ہے ، اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے ریفرنس دائر کر رہے ہیں ، مودی کا بیان دہشت گردی پرمبنی ہے ، پاکستان اب ایٹمی طاقت ہے ، بھارت ہوش کے ناخن لے ۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ کشمیریوں سے دلی یکجہتی ہے ، بھارت خطے کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ، ہم کشمیری بھائیوں کے لئے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتے رہیں گے ، اب صرف باتیں نہیں ، اس سلسلے میں عملی کام بھی ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر کھیل کا چیلنج قبول کرتا ہوں ، صرف پش اپس نہیں لگیں گے ، علی بخش مہر جم اور گراؤنڈ کا انتخاب کر لیں ، میں انہیں ٹکٹ بجھوا دیتا ہوں پہلے ان سے اپنی طرح 100کلو وزن اٹھواؤں گا ، ساڑھے تین سو اٹھک بیٹھک اور 45منٹ یوگا کرواؤں گا پھر اگر ان میں دم خم ہوا تو پش اپس بھی لگا لیں گے ، میرے پش اپس ان کی طرح آدھے نہیں بلکہ پورے ہوں گے ، انہوں نے وفاق سے پنگا لیا ہے ، اب دیکھتے ہیں کس میں کتنا دم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ سندھ والوں نے کوئی تو اچھا کام کیا، ان کے ساتھ فٹنس کا میچ کھیلنے کے لئے تیار ہوں ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ریفرنس کا کوئی فرق نہیں پڑے گا ، جہالت کی انتہا ہے کہ تحریک انصاف والے اسمبلی کی بجائے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے چلے گئے ، ان کے دماغوں میں ہوائی چیزوں کا اثر ہے ، اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے ریفرنس دائر کر رہے ہیں ، حکومت چاہتی ہے کہ ایسا قانون بنے جس سے تمام کرپٹ لوگوں کا احتساب ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا بیان دہشت گردی پر مبنی ہے ، ساری دنیا ان کی بیان بازی دیکھ رہی ہے ، بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ اب حالات وہ نہیں رہے ، پاکستان اب ایٹمی طاقت ہے ، کسی نے ہمارے وطن کی طرف آنکھ اٹھائی تو وہ آنکھ پھوڑ دیں گے ۔