ممتاز بھٹو نے مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کا اعلان کردیا

حکمران پارٹی سے اپنی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کا انضمام بھی ختم کردیا نواز شریف نے اقتدار میں آکر وعدے پورے نہیں ،سندھ سے کرپشن ختم نہیں کی 4سال ن لیگ کے ساتھ رہے مگر ن لیگ نے تعاون نہیں کیا ،سندھ نیشنل فرنٹ کی ایگزیکیوٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب سندھ نیشنل فرنٹ کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے 9 رکنی کمیٹی قائم ۔ 15 دنوں میں اپنی سفارشات ایگزیکٹیو کمیٹی کو پیش کرے گی

منگل 16 اگست 2016 10:59

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اگست۔2016ء) سابق وزیراعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو نے مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ممتاز بھٹو کے ترجمان ابراہیم ابڑو کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے اختلافات کے بعد پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، اس کے علاوہ انہوں نے حکمران پارٹی سے اپنی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کا انضمام بھی ختم کردیا ہے۔

اب ممتاز بھٹو سندھ نیشنل فرنٹ کو سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پر دوبارہ فعال اور منظم کریں گے۔ابراہم ابرو کے مطابق مسلم لیگ (ن)سے علیحدگی کا فیصلہ ممتاز بھٹو کی زیر صدارت سندھ نیشنل فرنٹ کی ایگزیکیوٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں سندھ نیشنل فرنٹ کے 100ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممتاز بھٹو نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار کر کے سندھ نیشنل فرنٹ کو دوبارہ انفرادی حیثیت میں بحال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

2012ء میں سندھ نیشنل فرنٹ کو مسلم لیگ ن میں ضم کیا گیا تھا۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ نواز شریف نے اقتدار میں آکر وعدے پورے نہیں کئے۔ نواز شریف نے پارٹی میں شمولیت کے موقع پر صوبے کی بہتری کے لیے ان سے کئی وعدے کئے تھے لیکن ان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ۔سندھ سے کرپشن ختم نہیں کی 4سال ن لیگ کے ساتھ رہے مگر ن لیگ نے تعاون نہیں کیا ۔نوازشریف نے حکومت میں آنے کے بعد مسلسل نظرانداز کیے رکھا ،جس کی وجہ سے ن لیگ سے علیحدہ ہوئے سندھ نیشنل فرنٹ کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے 9 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔ جو 15 دنوں میں اپنی سفارشات ایگزیکٹیو کمیٹی کو پیش کرے گی انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام کی خدمت اسی طرح کرتے رہیں گے۔