پی ڈی ایم اے پنجاب نے این ڈی ایم اے سے پندرہ ہزار ٹینٹ مانگ لیے

فراہمی پر دس ہزار ٹینٹ لاہور جبکہ پانچ ہزار مظفر گڑھ کے ویئر ہاؤسز میں رکھے جائیں گے پی ڈی ایم اے کے پاس ٹینٹس کی مجموعی تعداد 61871ہو جائے گی جو سیلاب سے نمٹنے کیلئے کافی ہونگے:ملک ندیم کامران

پیر 15 اگست 2016 10:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء) پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلاب کی صورت میں سیلاب زدگان کو فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی یعنی این ڈی ایم اے سے پندرہ ہزار ٹینٹ مانگ لیے ہیں۔ ان میں سے دس ہزار ٹینٹ لاہور جبکہ باقی کے پانچ ہزار مظفر گڑھ کے ویئر ہاؤسز میں رکھے جائیں گے۔یہ بات چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے فلڈ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے آج یہاں بتائی۔

ملک ندیم کامران نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے پاس 36871ٹینٹ پہلے ہی سے موجود ہیں جبکہ ادارے نے مزید دس ہزار ٹینٹس کاآرڈر دے رکھا ہے ۔ این ڈی ایم اے سے مطلوبہ ٹینٹ ملنے کے بعد پی ڈی ایم اے کے پاس موجود ٹینٹس کی مجموعی تعداد 61871ہو جائے گی جو پنجاب کے کسی بھی حصے میں سیلاب یا کسی اور قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے کافی ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ اور نارووال میں دریائے چناب، جموں توی، نالہ ڈیگ، ایک اور پلکھو میں آنے والے حالیہ سیلابی ریلوں سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مدد کیلئے پی ڈی ایم اے پنجاب نے نو ہزار فوڈ ہیمپرز، چھ کشتیاں، چھ موٹر بوٹس، پانچ سو پلاسٹک میٹس، پانچ سو مچھر دانیاں، ڈیڑھ ڈیڑھ سو لائف جیکٹس اور لائف رنگز ، پچیس ڈی واٹرنگ سیٹس اور دو سو کمبل متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیے ہیں۔

پی ڈی ایم اے سیلاب کے خطرے کا سامنا کرنے والے تمام بیس اضلاع کو پہلے ہی ان کی ضرورت کے مطابق ریسکیواور ریلیف کا سامان فراہم کر چکا ہے تاہم قدرتی آفت کی شدت کے مطابق ان اضلاع کوان کی ڈیمانڈ پر مزید سامان بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ سیالکوٹ اور نارووال کے علاقوں میں سیلابی ریلے سے چار مقامات پر سڑکیں ٹوٹ گئیں جہاں بیلی پل نصب کر کے ٹریفک کو چالو کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :