پلندری سے ہجیرہ جانے والی باراتیوں کی بدقسمت بس حادثے کا شکار، کم از کم 16افراد جاں بحق ،29 زخمی

عوام علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو نکالا زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پلندری پہنچایا گیا،13کی حالت نازک ہونے پر راولپنڈی اسلا آباد کے ہسپتالوں میں منتقل

پیر 15 اگست 2016 10:08

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء)آزاد کشمیر کے علاقے پلندری سے ہجیرہ جانے والی باراتیوں کی بدقسمت بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت کم از کم16 افراد جاں بحق اور29سے زائد زخمی ہوگئے،موصولہ اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقہ پلندری بارل سے باراتیوں کو لیکر ایک بس ہجیرہ جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث جونجہال ہل کے مقام پر گہری کھائی میں گرگئی،حادثے کے بعد عوام علاقہ کی ایک بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت ایک گھنٹے کے اندر دشوار گزار علاقہ ہونے کے باوجود زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا ۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پلندری پہنچایا گیا۔ہسپتال ذرائع نے حادثے میں 16افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ 29افراد زخمی بتائے گئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ بدقسمت بس میں60 کے قریب افراد سوار تھے اور یہ ایک ہی خاندان کے لوگ تھے ۔حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ۔13زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے پر انہیں راولپنڈی اسلام آباد کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔کئی زخمیوں کی حالت ناز ک بتائی جاتی ہے ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :