بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اشیاء سپلائی کرنے کی پاکستانی پیشکش مسترد کر دی

پاکستان کے ساتھ کشمیر سے پہلے دوسرے مسائل پر بات چیت ہو گی، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

پیر 15 اگست 2016 10:51

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء)بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اشیاء سپلائی کرنے کی پاکستانی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشمیر سے پہلے دوسرے مسائل پر بات چیت ہو گی۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے ٹویٹ کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر پر بات کرنے سے پہلے دیگر مسائل پر بات ہو گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کی خواہش پر سوارپ نے کہا کہ پاکستان پہلے ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کی تحقیقات کرے، پھر مذاکرات ہونگے۔ سوارپ نے پاکستان سے کشمیری حریت پسند رہنماوٴں کی حمایت بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان پر سرحد پار مداخلت کا بے بنیاد الزام لگا دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے یہ سخت بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔