نواز شریف اور آصف زرداری آپس کی کشمکش ختم کر یں ، مولانا فضل الرحمان

وزیراعظم کو معاملے کا نوٹس لینا چاہئے قانون ملک کے ہر شہری کیلئے برابر ہوناچاہئے سانحہ کوئٹہ سفا کانہ اقدام ہے ،درجنوں وکلاء کی شہادت ملک وقوم کانقصان ہے یہ بلوچستان کا ہی نہیں بلکہ قومی سانحہ ہے جس میں بیرونی ہاتھ خارج ازمکان نہیں،میڈیا سے گفتگو

اتوار 14 اگست 2016 12:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اگست۔2016ء)جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی بنتی ہے تو ہم خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے نواز شریف اور آصف زرداری سے آپس کی کشمکش ختم کرنے کی بھی اپیل کی وزیراعظم کو معاملے کا نوٹس لینا چاہئے قانون ملک کے ہر شہری کیلئے برابر ہوناچاہئے ،سول ہسپتال کوئٹہ کاسانحہ سفاکانہ اقدام ہے ،درجنوں وکلاء کی شہادت ملک وقوم کانقصان ہے یہ بلوچستان کا ہی نہیں بلکہ قومی سانحہ ہے جس میں بیرونی ہاتھ خارج ازمکان نہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز سول ہسپتال کے دھماکے میں شہید ہونیوالے شہداء کی بلوچستان ہائی کورٹ میں فاتحہ خوانی کے بعد میڈ یا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ چند قوتیں بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر نہیں دیکھنا چاہتی اسی لئے وہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو تہہ وبالا کرنے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں سیاسی کھینچا تانی کی صورتحال ہے جس سے ختم کرنے کیلئے وزیراعظم میاں محمدنوازشریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری کوکرداراداکرناہوگا انہوں نے کہاکہ یہ وقت ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کانہیں بلکہ ملک کی تمام سیاسی قیادت کے یکجا ہونے کاہے ،چوہدری نثار کی سانحہ کوئٹہ کے بعد متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے نہ آنے کے سوال پر مولانافضل الرحمن نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کو وفاقی وزیرد اخلہ چوہدری نثار کے رویے کانوٹس لیناچاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کانام میں نے سناہے تاہم اس پرعملدرآمد کیا جاناچاہئے ،انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے حوالے سے موثر اقدام کئے گئے تو اس کا تدارک ہوگا بصورت دیگر حالات کی بہتری ممکن نہ ہوگی ۔