چوہدری نثار کی جاپانی سفیراور آسٹریلوی ہائی کمشنر سے ملاقات

پاکستان اور جاپان کا دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق جاپان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،جاپان پاکستان آسٹریلیا سے اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، چوہدری نثار

اتوار 14 اگست 2016 12:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اگست۔2016ء ) پاکستان اور جاپان نے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ وزیر داخلہ سے آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے بھی الگ ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں سے پاکستان کے دو طرفہ تعلقات اور مختلف امور میں جاری باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں دونوں سفیروں کی جانب سے کوئٹہ واقعہ کو بھرپور مذمت اور قیمتی جانوں کے زیادہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔اس دوران جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے کہا کہ جاپان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک جاپان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ س دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے اور دونوں ملکوں کے مابین انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا مو ثر نظام رائج کرنے کے حوالے سے مزید کوششوں اور اقدامات کی ضرورت ہے ، جاپان نے ہمیشہ پاکستان کی بے لوث مدد اور تعاون کیا ہے۔وزیر داخلہ نے آسٹریلین ہائی کمشنر سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان آسٹریلیا سے اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، انسداد منشیات ، انسانی سمگلنگ کی روک تھام ، موثر بارڈر مینجمنٹ اور سول اداروں کی استعداد کا ر بڑھانے کے سلسلے میں ایک دوسرے کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔