قصور ، 32لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ،مدعی ڈاکو نکلا ، دو ملزمان فریاد اور ادیب الحسن گرفتار

25لاکھ روپے ،دو عدد موبائل فون اور دو پسٹل برآمد والدین کے اکلوتے بیٹے کا لالچ میں آکر والد کی رقم ہتھیانے کیلئے ڈکیتی کا ڈرامہ

جمعرات 11 اگست 2016 10:54

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11اگست۔2016ء)چند روز قبل تھانہ مصطفی آباد کے علاقہ وڈانہ کے قریب مین فیروز پورروڈ پرہونے والی 32لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ،مدعی ہی ڈاکو نکلا ،دو ملزمان فریاد اور ادیب الحسن گرفتار ،25لاکھ روپے ،دو عدد موبائل فون اور دو پسٹل برآمد، ملزم فریاد علی اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے جس نے لالچ میں آکر اپنے ہی والد کی رقم ہتھیانے کیلئے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا ۔

ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مورخہ 18جولائی کو بوقت12بجے رات پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ کوٹ حلیم خان کا رہائشی مسمی فریاد علی جو کہ چمڑا کا کاروبار کرتا ہے گھر سے نقدی 32لاکھ روپے لیکر بسواری کار نمبری 8934/LEBپر لاہور کیلئے روانہ ہوا جب نرد وڈانہ سٹاپ مین فیروز پور روڈ پر پہنچا تو پیچھے سے 2کس نامعلوم ملزمان بسواری کار جسکی نمبر پلیٹ پرٹیپ لگی ہوئی تھی پر آئے اور اسلحہ کے زور پر روک کرفریاد علی سے نقدی 32لاکھ روپے چھین کر اور گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے جانب لاہور فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اطلاع پاکر ڈی پی اوقصور سید علی ناصررضوی اور انکی پوری ٹیم فوری موقعہ پر پہنچی اور حالات و واقعات کا جائزہ لیا ۔ڈی ایس پی صدر نے کہا مین فیروز پور پر اتنی بڑی واردات کا ہونا اور ملزمان کو ٹریس کرنا قصور پولیس کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا ۔تھانہ مصطفی آباد پولیس نے مسمی فریاد علی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ۔ڈی پی او قصور سید علی نا صر رضوی نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید ،ایس ایچ او مصطفی آباد محمد ایوب گجر ،ایس ایچ او اے ڈویژن انسپکٹر ملک طارق محمود ،انسپکٹر محمد اسلم ،محمد عبداللہ انچارج سی آر او ودیگر افسران پر مشتمل ایک سپیشل ٹیم تشکیل دی جنہوں نے واردات کو ہر اینگل سے دیکھاجائے وقوعہ سے شواہد کو اکٹھا کیا اور جیو فینسنگ کروائی گئی لیکن واردات کے وقت وقوعہ سے آدھا گھنٹہ بعد پولیس کو اطلاع دینااوراسی وقت مدعی فریاد علی کے موبائل فون پر با ر بار اس کے سالے ادیب الحسن کا فون آنا اور مین فیروز پور روڈ پر جگہ جگہ ناکہ بندی کے باوجود ملزمان کا فرا ر ہوجانا بہت سارے شکوک و شبہات کو جنم دے رہا تھا تفتیشی ٹیم نے شک کی بناء مدعی فریاد کے سالے ادیب الحسن کو شامل تفتیش کر کے انٹیروگیٹ کیا تو ادیب الحسن نے انکشاف کیا فریاد علی کے ساتھ واردات نہ ہوئی ہے بلکہ ہم دونوں نے پلاننگ کر کے فریاد علی کے والد کی رقم ہتھیانے کیلئے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا ہے تفتیشی ٹیم نے اسی مقدمہ کے مدعی فریاد علی کو بھی گرفتار کیا اور ملزمان کے قبضہ سے چھینی جانے والی رقم 25لاکھ روپے ،دو موبائل فون اور دو عدد پسٹل برآمد کرلیے ہیں ۔

ڈی ایس پی صدر نے مزید کہا کہ فریاد اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے لالچ میں آکر فریاد پاکیزہ رشتوں کو بھول گیااور پیسے کی ہوس نے فریاد علی کو اپنے ہی والد کی رقم پر ڈاکہ مارنے پر مجبور کردیا انہوں کہا کہ اب فریاد اپنے ہی مقدمہ میں ڈاکو بن کر چالان ہوگا ۔ڈی پی اوقصور سیدعلی ناصررضوی نے 32لاکھ روپے کی واردات ٹریس کرنے پر تفتیشی ٹیم کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقدی انعام کا اعلان کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :