نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس،قوی خزانہ لوٹنے والے 7 اعلیٰ افسران اور سیاستدانوں کے خلاف کرپشن تحقیقا ت کی منظوری

چھ کرپشن مقدمات بند کردیئے گئے ارباب رحیم کے خلاف کرپشن تحقیقات روک دی گئیں،لیگی ایم این اے سید افتخار الحسن شاہ کے خلاف کرپشن تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ سی ڈی اے کی طرف سے 12 سکولوں کو الاٹ کردہ پلاٹ بارے تحقیقات روک دی گئیں

بدھ 10 اگست 2016 10:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اگست۔2016ء) نیب نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب رحیم کے خلاف کرپشن تحقیقات روک دی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے ایم این اے سید افتخار الحسن شاہ کے خلاف کرپشن تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سی ڈی اے کی طرف سے 12 سکولوں کو الاٹ کئے گئے پلاٹ بارے تحقیقات بھی روک دی ہیں۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منگل کے روز چیئرمین چوہدری قمر الزمان کی صدارت میں ہوا ہے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ قوی خزانہ لوٹنے والے 7 اعلیٰ افسران اور سیاستدانوں کے خلاف کرپشن تحقیقات کی اجازت دی گئی ہے۔

جبکہ چھ کرپشن انکوائریاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اربوں روپے کے اثاثے بنانے کی تحقیقات شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سروس سیکٹرز سے متعلق ٹیکس چوری کی ترغیب دینے اور ٹیکس چھپانے کے الزام میں ایف بی آر کے افسران کے خلاف کرپشن انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ایس او کے انتظامیہ کی طرف سے ایڈمور گیس کمپنی کو اربوں روپے کا فائدہ دینے بارے انکوائری کی اجازت دی گئی ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے دوسرا ادارہ پی پی ایل کی انتظامیہ کی طرف سے اربوں روپے کا پلاٹ کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ کرنے بارے انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر ضیاء الحسن کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے کے انکوائری کی جائے گی جبکہ ساتویں انکوائری عبدالطیف یونیورسٹی‘ خیر پور کے وائس چانسلر پروین نعیم شاہ کے خلاف بھی کرپشن انکوائری کی جائے گی۔

ٹھیکیدار شاہد محمود کی طرف سے 22 لاکھ واپس کرنے کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ہے۔ سی ڈی اے کے افسران جنہوں نے 12 سکولوں کو پلاٹ الاٹ کئے تھے کے خلاف انکوائری بند کردی گئی ہے۔ بینک آف پنجاب کے افسر میاں محمد لطیف ۔ چیف ایگزیکٹو چناب لمیٹڈ ضیاء الرحمن ‘ ایوب میڈیکل کے کنٹریکٹر کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ سندھ غلام ارباب رحیم کے خلاف بھی کرپشن مقدمات بند کردیئے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب معاشرے سے کرپشن ختم کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں اور افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ تندہی سے کام کریں۔