افغانستان میں پاکستانی کرنسی رکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور اس کے تبادلہ کی مکمل اجازت ہے،افغان سفیر کی ٹیلیفون پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو وضاحت

منگل 9 اگست 2016 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اگست۔2016ء) افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمر زخیلوال نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی کرنسی رکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور اس کے تبادلہ کی مکمل اجازت ہے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بتائی جنہوں نے پیر کو ٹیلی فون پر ان سے رابطے کیا۔ اس موقع پر دیگر امور کے ساتھ ساتھ افغانستان میں پاکستانی کرنسی رکھنے پر پابندی سے متعلق حالیہ رپورٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان سفیر نے کہا کہ صورتحال ایسی نہیں جیسی ان رپورٹس میں بیان کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستانی کرنسی رکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، اسی مناسبت سے افغان سفیر نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ افغانستان کے مرکزی بنک کے قانون کے مطابق تمام غیر ملکی کرنسیوں میں باقاعدہ ٹرانزیکشنز کی اجازت نہیں تاہم کسی بھی غیر ملکی کرنسی پر ہمارے پورے ملک میں کہیں بھی منی ایکسچینج مارکیٹس میں آزادانہ تبادلے پر پابندی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہی طریقہ ہر ملک میں ہے اور اس حوالے سے میڈیا رپورٹس گمراہ کن ہیں۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے افغان سفیر کی اس وضاحت کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں سہولت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :