دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے پوری طاقت کے ساتھ کارروائی کریں،وزیراعظم نواز شریف کی سیکورٹی اداروں کو ہدایت

دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کا جدید مربوط طریقہ سے موٴثر جواب دیا جانا چاہئے یہ افسوسناک واقعہ قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا،آرمی چیف کی قیادت میں فوج سی پیک کے حوالہ سے درپیش سیکور ٹی خطرہ سے نمٹنے کیلئے شاندار طریقہ سے کام کر رہی ہے دہشت گردی کے عالمی خطرات کا بھرپور کوشش سے خاتمہ کریں گے،کوئٹہ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب چیف سیکرٹری بلوچستان سیف الله چٹھہ نے وزیراعظم کو بریفنگ دی

منگل 9 اگست 2016 10:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اگست۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ریاست کے تمام سیکورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے پوری طاقت کے ساتھ کارروائی کریں، دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کا جدید مربوط طریقہ سے موٴثر جواب دیا جانا چاہئے وہ پیر کو گورنر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں وزیراعظم کو سول ہسپتال میں دہشت گرد حملہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء الله زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، ڈی جی ملٹری آپریشنز اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری بلوچستان سیف الله چٹھہ نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران بلوچستان میں بحالی امن کے سلسلہ میں بہتری دیکھی گئی ہے اور یہ افسوسناک واقعہ قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے دشمن چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کی قیادت میں فوج سی پیک کے حوالہ سے درپیش سیکورٹی کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے شاندار طریقہ سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فرنٹیئر کانسٹیبلری اور انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے وسائل فراہم کریں گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے بین الاقوامی خطرات کا بھرپور کوشش سے خاتمہ کریں گے۔

اس سلسلہ میں وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کا ایک فعال میکنزم بنایا جائے گا، اس فریم ورک کی دستیاب وسائل سے مدد فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو اس سلسلہ میں ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے کوئٹہ آمد پر سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور دہشت گردی کے حملہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔