گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا نے صوبائی کابینہ میں شامل 9 نئے وزراء سے حلف لیا

پیر 8 اگست 2016 10:31

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اگست۔2016ء)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اتوار کے روز گورنر ہاؤس میں صوبائی کابینہ میں شامل ہونے والے 9 نئے وزراء سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے جبکہ حلف برداری کی نظامت کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے ادا کئے، صوبائی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزرا ء میں منظور حسین وسان، میر ہزار خان بجارانی، امداد علی پتافی، فیاض بٹ، محمد علی ملکانی ، ممتاز حسین جکھرانی، سید ناصر حسین شاہ، محمد بخش مہر اور اکرام اللہ خان دھاریجو شامل ہیں جبکہ 11 معاونین خصوصی میں محترمہ ریحانہ لغاری ، نادر خواجہ ، دروان چانڈیو، عابد علی بھیو، تیمور تالپور، سید قاسم نوید، عمر رحمن ملک، بابر آفندی، ذوالفقار بیہن، شاہد تھیم اور نوید انتھونی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

9 وزراء اور 11 معاونین خصوصی کی شمولیت کے بعد صوبائی کابینہ کے اراکین تعداد 37 ہوگئی ہے۔ جس میں 18 وزراء، 4 مشیر اور15 معاونین خصوصی شامل ہیں۔ دریں اثناء گورنر سندھ سے حلف برداری سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ میں امن و امان ، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور بارش کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر خوراک اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں حلف برداری کے بعد صوبائی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے اراکین نے وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ گورنر سندھ سے ملاقات کی ۔ گورنر سندھ نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے حلف کے مطابق صوبہ کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ان پر اعتماد کیا ہے اور اب جب انہیں ایک اہم ذمے داری تفویض ہوئی ہے تو یہ ان کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں کے ذریعہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبائی کابینہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :