کشمیر میں نہتے مظاہرین کیخلاف پیلٹ گن اور پیپر گیس جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر عالمی اداروں اور ملکوں کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، حافظ محمد سعید

پیر 8 اگست 2016 10:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اگست۔2016ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر میں نہتے مظاہرین کیخلاف پیلٹ گن اور پیپر گیس جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر عالمی اداروں اور ملکوں کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ معصوم بچوں اور عورتوں کی بینائی ضائع ہونے پر بھی نام نہاد انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے کشمیریوں کے علاج معالجہ کیلئے وسائل استعمال کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔حکومت پاکستان کشمیر میں غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے بھی عملی اقدامات کرے۔بھارت سرکار کے ظلم و جبر کے ردعمل میں تحریک آزادی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔وادی کشمیر کی طرح جموں میں بھی ہڑتالیں کی جارہی ہیں اور کرفیو کے باوجود لاکھو ں مسلمان سڑکوں پر نکل کر پاکستانی پرچم لہرا تے ہوئے احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جماعةالدعوة مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت سے کسی صوت پیچھے نہیں رہے گی۔ اتوار کو کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سارے کشمیری آج سڑکوں پر ہیں۔خود مختار کشمیر والا دور پرانا تھا۔آج معاملہ آگے بڑھ چکا ہے۔تحریک کی قیادت نوجوانوں کے پاس ہے اور جو پاکستان کا جھنڈا نہیں اٹھاتا،پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگاتا ،کشمیرکی تحریک یا سیاست میں اسکا کوئی کردار نہیں رہا۔

کشمیریوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ قوم اس وقت میدان میں ہے۔مقبوضہ کشمیر میں اخبارات بند،سوشل میڈیا پر پابندی لگا دی گئی۔ڈاکٹرز کو کشمیریوں کے علاج معالجے کے لئے جانے کی اجازت نہیں ملی۔کشمیرکے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کو اپنا وکیل ماناہمیں بھی متحد ہو کر ان کی بھرپور انداز میں مدد کرنی چاہیے۔ پارلیمنٹ سے لے کر عام آدمی تک سب کا موقف کشمیر پاکستان کی شہ رگ والا ہونا چاہیے۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیریوں نے قربانیاں پیش کرکے تحریک آزادی کو جس موڑ پر پہنچا دیا ہے دنیا کو اس کی توقع نہیں تھی۔ یہ زبردست موقع ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کا کھل کر ساتھ دے۔ اگر پاکستان نے کسی دباؤ کا شکار ہو کر مظلوم بھائیوں کا ساتھ نہ دیا تواللہ کی ناراضگی کے سبب وہ خود بھی مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکے گا۔

مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ او آئی سی میں اس مسئلہ کو اٹھائیں اور اپنے فیصلے خود کئے جائیں۔ ہندوستان سے اپنے سفیر واپس بلائے جائیں اور اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ سب سے پہلے پاکستان کو یہ کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت سے حواس باختہ ہوکر کشمیریوں کی آواز کو ظلم کے ذریعے روکنے کی کوشش کررہاہے ۔

پاکستانی جھنڈوں میں لپٹی کشمیریوں کی لاشیں عالمی حقوق انسانی کے اداروں کو جھنجوڑ رہی ہیں ۔پاکستانی ڈاکٹروں کو ویزے نہ دے کر بھارت نے انسانی حقوق کو پامال کیا ہے۔ کشمیریوں پر بھارت ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہاہے ۔کشمیری قیادت پاکستان کو اپنی امیدوں کا محور سمجھتی ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی ہے ۔بھارت نے کشمیرمیں اپنے ظلم و ستم پرپردہ ڈالنے کے لئے میرے اور جماعة الدعوة کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کررکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی مدد کیلئے مضبوط بنیادوں پر کھڑا ہو گا تو مسلم ملکوں سمیت پوری انصاف پسند دنیا اس کے ساتھ ہو گی۔ ہندوستان آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ نہتے مسلمانوں پر بدترین ظلم و تشدد کر کے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنا چاہتا ہے لیکن اس کی یہ کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔ کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں یہ تحریک جلدان شاء اللہ کامیابیوں سے ہمکنار ہو گی

متعلقہ عنوان :