راولپنڈی،بلیک واٹر سے تعلق اورپاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار امریکی شہری 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اتوار 7 اگست 2016 12:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اگست۔2016ء )سول جج راولپنڈی وجوڈیشل مجسٹریٹ ایف آئی اے عمران یعقوب نے بلیک واٹر سے تعلق رکھنے اورپاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار میتھیو بیرٹ (METHEU BERAT)نامی امریکی شہری کو3روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )کی تحویل میں دے دیا ہے ہفتہ کی صبح ایف آئی اے انسپکٹررانا اکرم کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے سخت حفاظتی انتظامات میں میتھیو بیرٹ کو سول جج یاسر مشتاق کی عدالت میں پیش کیا تاہم عدالت کے باہر پہنچنے پر ایف آئی اے پرچہ ریمانڈ لے کر عدالت میں گئی جہاں پر عدالت میں پرچہ ریمانڈ دیئے بغیر ملزم کو لے کر واپس اسلام آباد روانہ ہو گئی بعد ازاں عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پر ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو 16یوم کے ریمانڈ پر ان کی تحویل میں دیا جائے تاہم عدالت نے ملزم کو3یوم کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیتے ہوئے ہدائیت کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا جائے اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ میتھیو بیرٹ کو بلیک واٹر سے تعلق اور پاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنا پر 2011میں پاکستان سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا لیکن ملزم نام اور حلیہ بدل کر ترکش ائر لائن کی پرواز پر رواں ماہ 3اگست کی علی الصبح دوبارہ اسلام آباد ائر پورٹ پہنچ گیا اور بحفاظت ائر پورٹ کے احاطہ سے بھی باہر نکل گیاجسے بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ رات اسلام آباد سے حراست میں لے کر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ملزم کے خلاف 14فارن ایکٹ کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق اس ضمن میں ایف آئی اے کے 3اہلکاروں کو بھی معاونت کے الزام میں شامل تفتیش کیا گیا ہے کہ ملزم کس بنا پر بغیر جانچ پڑتال اسلام آباد پہنچنے کے بعد ائر پورٹ سے باہر چلا گیا۔