ترکی کی طرح پاکستان میں بھی 5 جرنیلوں نے بغاوت کا منصوبہ بنایا تھا،جاوید ہاشمی

عمران تحریک چلانے کے بجائے سخت ترین قوانین بنانے کا بل منظور کروائیں،بزرگ سیاستدان

ہفتہ 6 اگست 2016 11:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اگست۔2016ء) سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی نے کہاہے کہ ترکی کی طرح پاکستان میں بھی 5جرنیلوں نے حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش تیار کی تھی اور انہوں نے موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی بلیک میل کیا تھا،عمران خان حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے قومی اسمبلی میں کرپشن کے خلاف سخت ترین قوانین بنانے کا بل منظور کروائیں ،موجوہ حکومت کے بجلی منصوبے اور موٹر وے بنانا ان کے کسی کام نہیں آئے گا ،اگر وقت سے قبل اسمبلیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیاانہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے سے پی ٹی آئی یا طاہر القادری کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا اور اس تحریک کی حالت بھی دھرنے کی طرح ہوگی انہوں نے کہاکہ عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کرکے کرپشن کے خلاف سخت ترین قانون منظور کرائیں تو یہ اس کی بہت بڑی کامیابی ہوگی انہوں نے کہاکہ جس طرح ترکی میں فوجی بغاوت ناکام ہوئی تھی اسی طرح پاکستان میں بھی دھرنے کے دوران 5جرنیلوں نے بغاوت کی سازش تیار کی تھی اور انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی بلیک میل کیا تھا کہ کروڑوں افراد حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل چکے ہیں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا دور اقتدار بہت کم رہ گیا ہے اور بجلی کے منصوبے مکمل کرنا اور موٹر وے بنانا ان کے کسی بھی کام نہیں آئے گا ۔

متعلقہ عنوان :