پاکستان لنچ کرنے نہیں گیا ، سارک اجلاس ادھورا چھوڑ کر آنے پر کوئی ملال نہیں ، راجناتھ سنگھ

ہمسایہ ملک کو دہشتگردی کے خلاف سخت پیغام دیا ہے ، راجیہ سبھا سے خطاب

ہفتہ 6 اگست 2016 11:01

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اگست۔2016ء) سارک کانفرنس ادھوری چھوڑ کر بھاگنے والے بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ وہ لنچ کرنے پاکستان نہیں گئے تھے دہشتگردی کے خلاف ہمسایہ ملک کو سخت پیغام دیا ہے بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق راجیہ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے دہشتگردی کے حوالے سے بھارت کے خدشات کو ہمسایہ ملک تک پہنچایا ہے اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی سرزمین دہشتگرد گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر یہ بھی باور کر دیا ہے کہ نہ صرف دہشتگردوں بلکہ ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام انہیں پروٹوکول دینے میں ناکام رہے ہیں اور میڈیا کی جانب سے ان کا بائیکاٹ کروا کر اخلاقی اقدار کو پامال کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے صحافیوں کو بھی سارک اجلاس کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان لنچ کرنے نہیں گیا تھا جبکہ سارک سیشن ادھورا چھوڑ کر واپس آنے پر کوئی ملال نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :