افغان صوبہ لوگر میں پاکستانی ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ ، طالبان نے ہیلی کاپٹر کو آگ لگا دی ،عملے کے 7افراد کو یرغمال بنالیا

آرمی چیف کا افغانستان میں اتحادی افواج کے سربراہ جنرل نکلسن کو ٹیلی فون،پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کیلئے مدد مانگ لی امریکی جنرل نکلسن نے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرادی، افغان حکومت اور افغان نیشنل آرمی کے حکام کے ساتھ بھی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کے لئے رابطہ کیا گیا،آئی ایس پی آر افغانستان میں گرنے والاہیلی کاپٹرپنجاب حکومت کاتھا،ریٹائرفوجیوں سمیت عملے کے 7افرادسوارتھے ،ڈی جی آئی ایس پی آر

جمعہ 5 اگست 2016 10:25

کابل/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اگست۔2016ء )افغانستان کے صوبہ لوگر میں پاکستان کے روسی ساختہ ایم آئی 17ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی جس پر طالبان نے ہیلی کاپٹر کو آگ لگادی اور روسی پائلٹ اور 6پاکستانی انجینئرز کو یرغمال بنالیا،دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے ایک ہیلی کاپٹر نے مرمت کیلئے روس جانا تھا ،افغانستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے پیشگی اجازت لی گئی تھی،ہیلی کاپٹر کے حوالے سے افغان حکومت سے معلومات حاصل کررہے ہیں۔

جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ لوگر میں پاکستان کے ایک ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے جس پرطالبان نے حملہ کرکے ہیلی کاپٹر میں سوار 7افراد کو یرغمال بنا لیا اور ہیلی کاپٹر کو آگ لگا دی ۔افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کے مطابق صوبائی کونسل کے رکن ڈاکٹر عبدالولی وکیل کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے ضلع آزرہ میں ہنگامی لینڈنگ کی جس کے بعد عسکریت پسندوں نے ہیلی کاپٹر میں سوارافراد کو یرغمال بنالیا۔

(جاری ہے)

صوبائی گورنر کے ترجمان سلیم صالح نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر کا تعلق پاکستان سے ہے جس نے ضلع آزرا کے علاقے مٹی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔انکا کہنا تھاکہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس میں سوار کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا ۔ایک مقامی رہائشی نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے جوں ہی ہنگامی لینڈنگ کی طالبان نے اس پر حملہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق روسی ساختہ ایم آئی 17ہیلی کاپٹر پنجاب حکومت کا تھا جو اورہالنگ کیلئے ازبکستان جارہا تھا۔ہیلی کاپٹر میں 6پاکستانی انجینئراور ایک روسی پائلٹ سوار تھے ۔ہیلی کا پٹر کا نمبراے پی بی ڈی جی ایف ہے ۔افغان فوج نے واقعے کی تصدیق کردی ہے ۔ہیلی کاپٹر نے صبح 8بجکر 45منٹ پر پشاور سے ٹیک آف کیا ۔طالبان گروپ کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔

افغان صوبہ لوگر کے اضلاع میں طالبان عسکریت پسند بڑی تعداد میں سرگرم ہیں۔دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ پنجا ب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے مرمت کیلئے روس جانا تھا ،افغانستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے پیشگی اجازت لی گئی تھی ۔ہیلی کاپٹر کے حوالے سے معلومات لی جارہی ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق افغان صوبہ لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے ہیلی کاپٹر میں پانچ ریٹائرڈ پاکستانی اہلکار سوار تھے ۔

عملے میں کرنل (ر) صفدر،لیفٹیننٹ کرنل (ر) شفیق ،میجر (ر)صفدر،لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر اور حولدار(ر)کوثر شامل ہیں۔ ادھر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں اتحادی افواج کے سربراہ جنرل نکلسن سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے صوبہ لوگر میں کریش لینڈنگ کرنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کے ارکان کی بازیابی کے لئے مدد مانگ لی جبکہ امریکی جنرل نے ہرممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں اتحادی افواج کے سربراہ جنرل نکلسن کو ٹیلی فون کیا اور ان سے کہاکہ صوبہ لوگر میں کریش لینڈنگ کرنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کے ارکان کی بازیابی کے لئے مدد کی جائے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی جنرلنکلسن نے عملے کے ارکان کی بازیابی کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر مرمت کے لئے ازبکستان کے راستے روس جا رہا تھا ۔ ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان حکومت اور افغان نیشنل آرمی کے حکام کے ساتھ بھی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کے لئے رابطہ کیا گیا ہے ۔ ادھرڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ افغانستان میں گرنے والاہیلی کاپٹرپنجاب حکومت کاتھا،ریٹائرفوجیوں سمیت عملے کے 7افرادسوارتھے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ افغانستان میں گرنے والاہیلی کاپٹرپنجاب حکومت کاتھا،ہیلی کاپٹرمیں عملے سمیت 7افرادسوارتھے ۔عملے میں ریٹائرفوجی بھی شامل ہیں ،جبکہ ایک روسی اورایک سویلین بھی سوارتھا۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کاتعلق کسی ایک فرقے یاملک سے نہیں ،دہشتگردی پوری دنیاکے لئے خطرہ ہے ،دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے میں دیگرممالک سے روابط فائدے مندثابت ہوئے ۔

چارملکی اتحاداقتصادی راہداری کے حوالے سے اہم کرداراداکریگا۔دریں اثناء ترجمان دفترخارجہ نے ا یک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ایک ہیلی کاپٹرنے مرمت کیلئے روس جاناتھا،افغانستان سے فضائی حدوداستعمال کرنے کی پیشگی اجازت لی تھی ،افغان حکومت سے رابطہ کررہے ہیں ،ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کررہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں تباہ ہونے والے پاکستانی ہیلی کاپٹرمیں سوار7افرادکی شناخت ہوگئی ،ہیلی کاپٹرمیں روسی پائلٹ سرگئی سیاس تیانوف ،کرنل (ر)صفدر،میجر(ر)صفدر،لیفٹیننٹ کرنل (ر)شفیق،لیفٹیننٹ (ر)ناصر،کریوچیف کوثراورسویلین داوٴدسوارتھے۔