ایف بی آر نے اسلام آباد میں جائیداد کی قیمتوں کو حتمی شکل دے دی

جائیداد کی قیمتوں میں دو گنا سے زائد اضافہ‘ بااثر افراد کے فارم ہاؤس مستثنیٰ

بدھ 3 اگست 2016 10:22

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اگست۔2016ء )وفاقی دارالحکومت میں جائیداد کی قیمتوں میں دو گنا سے زائد اضافہ کردیا گیا۔ ایف بی آر نے بڑے فارم ہاؤسز کے مالکان کو ہاتھ تک نہ لگایا۔ چھوٹے رہائشی اور کمرشل علاقوں میں جائیداد کی قیمتوں میں اضافے سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسلام آباد میں جائیداد کی قیمتوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

کئی سیکٹرز کے رہائشی اور کمرشل علاقوں میں جائیداد کی قیمتوں میں دو گنا سے زائد اضافہ کیاگیا ہے۔ بااثر افراد کے فارم ہاؤسز کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تاکہ انہیں ٹیکس سے چھوٹ دی جاسکے۔دستاویزات کے مطابق سیکٹر ای سیون میں فی گز جگہ کی قیمت 22ہزار روپے سے بڑھا کر 56 ہزار روپے‘ ایف سکس میں فی گز قیمت 18ہزار سے بڑھا کر 48 ہزار روپے‘ سیکٹر ایف الیون میں قیمت 18 سے بڑھا کر 42ہزار روپے‘ سیکٹر جی سیون میں قیمت 16 سے بڑھا کر 41 ہزار روپے جبکہ سیکٹر آئی ایٹ میں جائیداد کی قیمت 38 ہزار روپے فی گز مقررکی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بلیو ایریا میں کمرشل جائیداد کی قیمت دو گنی کردی گئی۔ جناح ایونیو پر قیمت 75 ہزار روپے بڑھا کر ایک لاکھ 14 ہزار روپے‘ سپر مارکیٹ میں گراؤنڈنڈ فلور دکان کی قیمت ایک لاکھ 23 ہزار روپے‘ سیکٹر ایف ایٹ میں گراونڈ فلور کی قیمت 58 ہزار روپے، سیکٹر ایف ٹین میں گراونڈ فلور کی قیمت 70 ہزار روپے اور سیکٹر ایف الیون میں گراوٴنڈ فلور کی قیمت 83 ہزار روپے فی گز مقرر کی گئی ہے۔اسلام آباد کے پوش سیکٹر ای الیون میں جائیداد کی قیمت ڈی سی ریٹ 26 ہزار روپے فی گز مقرر کی گئی ہے جبکہ بااثر اور طاقتور افراد کے علاقے چک شہزاد میں فارم ہاؤسزکے ڈی سی ریٹس بھی نہیں بڑھائے گئے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں فیئر مارکیٹ ویلیو طے نہیں ہو سکی وہاں ڈی سی ریٹس ہی نافذ العمل رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :