حکومت کا قومی اسمبلی کے جاری سیشن میں سائبر کرائم بل پاس کروانے کا منصوبہ

غیر ملکی این جی اوز کا ڈرافٹ فائنل کرکے جلد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

منگل 2 اگست 2016 10:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اگست۔2016ء)حکومت نے قومی اسمبلی کے جاری سیشن میں سائبر کرائم بل کو پاس کروانے کا منصوبہ بنالیا جبکہ غیر ملکی این جی اوز کا ڈرافٹ فائنل کرکے جلد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت لاء ریویو کمپنی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا اس موقع پر کمیٹی نے سینیٹ کی جانب سے ترمیم کے ساتھ پاس کئے گئے سائبر کرائم بل کا جائزہ لیا اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ بل کو قومی اسمبلی کے موجودہ سیشن میں غور وخوض کے لئے پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں غیر ملکی این جی اوز کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی پر بھی بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اس کا ڈرافٹ جلد فائنل کرلیا جائے گا اور اس کو منظوری کیلئے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید اسٹیٹ منسٹر آئی ٹی انوشہ رحمان ودیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی