نندی پور پاور پراجیکٹ کی ناقص کارکردگی ،حکومت نے چینی کمپنی کو جرمانہ کرنے سے روک دیا

425 میگاواٹ کا منصوبہ صرف 230میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے،سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی نے پراجیکٹ کنٹریکٹر کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا نقصان حکومت نے صارفین سے وصول کرنے کا مشورہ دیا،نیپرا نے مسترد کردیا،جرمانے سے راہداری منصوبوں پر منفی اثرات ہونگے، حکومت

منگل 2 اگست 2016 10:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اگست۔2016ء) نندی پور پاور پراجیکٹ سے حکومت کو ماہانہ اربوں روپے کانقصان ہورہا ہے اور 425 میگاواٹ کا منصوبہ صرف 230میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے،سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی نے ناقص کارکردگی پر پراجیکٹ کنٹریکٹر چینی کمپنی کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم حکومت نے سی پی پی اے کو جرمانہ کرنے سے روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نندی پور پاور پراجیکٹ سے ماہ جون میں 4 ارب 46 کروڑ روپے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا۔سی پی پی اے نے چینی کمپنی کو ناقص کارکردگی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن حکومت نے اسے صارفین سے وصول کرنے کا مشورہ دیا لیکن نیپرا نے اسے مسترد کردیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صارف پہلے ہی مہنگی بجلی خرید رہے ہیں ان پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا اور قواعد کے مطابق اگر کنٹریکٹر کمپنی ایک سال تک مطلوبہ نتائج فراہم نہیں کرتی تو وہ جرمانے کی مستحق ہے لیکن حکومت نے جرمانہ کرنے سے روک دیا ہے کیونکہ حکومت کا موقف ہے کہ چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اگر چینی کمپنی پر جرمانہ عائد کیا گیا تو اس کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

نندی پور پاور منصوبہ 23 ارب روپے کی مالیت سے 2011 ء میں شروع کیا گیا تھا اور موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اسے 58 ارب روپے تک پہنچایا منصوبے پر کئی مرتبہ کام روکا گیا اور پھر شروع کیا گیا موجودہ حکومت کے اقدار میں آنے کے کچھ عرصہ بعد منصوبہ پر کام بند ہوگیا اور چینی کمپنی نے جرمنی فرانس اور چین سے منگوائے گئے سامان کے غائب ہونے کا بھی گلا کیا تھا لیکن وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دورہ چین کے بعد منصوبے پر کام دوبارہ شروع ہوگیا گزشتہ برس وزیراعظم نے نندی پور پاور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اسے اندھیروں سے روشنی کے سفر کی جانب علامت قرار دیا افتتاح کے کچھ ہی دنوں بعد نندی پور پاور پلانٹ بند ہوگیا نیپرا نے نندی پور پاور پراجیکٹ پر فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کا ٹیرف 30 سال کیلئے 11.32 روپے مقرر کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگی بجلی کی بجائے سستی بجلی پیدا کرنے کی طرف زیادہ توجہ دے رہی ہے اور نندی پور پاور منصوبے کو گیس پر منتقل کرنے کا پروگرام ہے جس کیلئے گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ زیر غور ہے وزارت پانی و بجلی کے ترجمان کے مطابق منصوبے سے 260 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے امید ہے آنے والے کچھ مہینوں میں اس کی کارکردگی مزید بہتر ہوجائے گی اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔