ملائیشیا میں نئے قانون سے انسانی حقوق کی پامالی کا خدشہ

منگل 2 اگست 2016 10:54

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اگست۔2016ء)ملائیشیا میں وزیر اعظم کو دیے جانے والے نئے سکیورٹی اختیارات پراقوام متحدہ کی جانب سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں جس کا کہناہے کہ اس سے انسانی حقوق پر قدغن لگ سکتی ہے اور جمہوریت کا گلا گھونٹا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس نئے قانون کے تحت وزیر اعظم نجیب رزاق کی سربراہی والی سکیورٹی کونسل خطرات کے پیش نظر کہیں بھی ہنگامی حالات نافذ کر سکتی ہے جس سے پولیس کو وسیع اختیارات حاصل ہو جائیں گے اور اس کے اقدامات پر کوئی بازپرس بھی نہیں ہوگی۔

نجیب رزاق نے کہا ہے کہ یہ قانون ضروری ہے کیونکہ ملائشیا کو اسلام پسند دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے روز افزوں خطرات کا سامنا ہے۔لیکن اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس سے انسانی حقوق کی پامالی کو ہوا ملے گی۔اس نئے قانون کو دسمبر میں پارلیمنٹ کی منظوری ملی تھی لیکن یہ پیر سے نافذالعمل ہوا ہے۔