تحریک انصاف سمیت دیگر حکومت مخالف جماعتوں کی احتجاجی تحریک کو نا کام بنانے کیلئے حکومت نے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا

پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کے سر براہان کے انتخابات کے لئے شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ

پیر 1 اگست 2016 10:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم اگست ۔2016ء)حکومت کے خلاف تحریک انصاف سمیت دیگر حکومت مخالف جماعتوں کی احتجاجی تحریک کو نا کام بنانے کیلئے حکومت نے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا،پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کے سر براہان کے انتخابات کے لئے شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ ،خبر رساں ادارے کے مطابق 7اگست سے حکومت کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے ساتھ حکومت نے پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابی شیڈول جار ی کرنے کا فیصلہ کر لیا متوقع اعلان انتخابات ہونے کے ساتھ ہی پنجاب میں مخصوص نشستوں اور بلدیاتی اداروں کے سر براہان کا انتخاب عمل میں لانے کی تیاریاں زور پکڑ چکی ہیں‘ حکومت پنجاب ہدایت کے بعد الیکشن کمیشن کیجانب سے 2اگست بروز منگل کو شیڈول جاری ہونے کا امکان ہے‘ 9اگست کو مخصوص نشستوں جبکہ 12اگست کو چیئر مین ضلع کونسل ‘ وائس چیئر مین ضلع کونسل ‘ لارڈ میئر‘ سٹی میئر‘ میئرز اور ڈپٹی میئرز کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دو اگست کو انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا‘ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چودہ اگست کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں وزیر اعظم میاں نواز شریف پنجاب بھر کے نو منتخب چیئر مین ضلع کونسل اور میئرز سے خصوصی خطاب بھی کریں گے‘ اس حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔