خیبر ایجنسی، باراتیوں کی بس سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے جاں بحق افراد کی تعدا د26 ہوگئی ، تین افراد زخمی

بیشتر افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، علاقہ انتہائی دور افتادہ ہے اس لیے وہاں رابطہ نہیں ہو رہا، پولیٹیکل انتظامیہ

اتوار 31 جولائی 2016 11:30

خیبر ایجنسی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جولائی۔2016ء ) پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں باراتیوں کی ایک بس سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے خواتین اور بچوں سمیت26 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اور تین افراد زخمی ہیں۔پولیٹکل انتظامیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بیشتر افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، چونکہ یہ علاقہ انتہائی دور افتادہ ہے اس لیے وہاں رابطہ نہیں ہو رہا۔

تین زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہیں جنھیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔یہ واقعہ لنڈی کوتل کے پسماندہ علاقے زخہ خیل میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

اہلکاروں نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد اچانک سیلابی ریلہ آیا جس میں ایک بس بہہ گئی۔ان کے مطابق پک اپ گاڑی میں باراتی بیٹھے تھے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔انتظامی اہلکاروں نے بتایا کہ اعلی حکام اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ چکا ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں اور خیبر پختونخوا کے بعض مقامات پر گذشتہ ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے شدید بارشیں ہوئی تھیں جن میں مکانات کے منہدم ہونے اور سیلابی ریلوں میں کم سے کم بچوں اور خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔یہ واقعات ایبٹ آباد اور دیر کے علاقوں میں پیش آئے تھے۔

متعلقہ عنوان :