سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آ ج ہو گا

نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری ، پیپلز پارٹی کے نامزد وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ نے صوبے کی افسر شاہی میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ کی تیاری کر لی

جمعہ 29 جولائی 2016 10:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جولائی۔2016ء)سندھ کے نئے سائیں کا انتخاب آ ج جمعہ کو ہو گا۔ مراد علی شاہ کے تائید کنندہ قائم علی شاہ اور تصدیق کنندہ نثار کھوڑو ہونگے۔ وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب کی دعوتیں بھی دیدی گئیں۔ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کو بھی مدعو کر لیا گیا۔ نئے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے اپنی نئی ٹیم لانے کی تیاری شروع کر دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری محمد صدیق میمن کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے چیف سیکریٹری کے لئے عابد مجید اور فضل میکن کے نام تجویزکر دیئے ہیں۔ نوید کامران بلوچ کو وزیر اعلیٰ کا پرنسپل سیکریٹری بنائے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ داخلہ، اطلاعات، صحت اور سروسز کے سیکرٹری بھی تبدیل ہوں گے۔ حسن نقوی کو نیا سیکریٹری خزانہ سندھ مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ ممتاز شاہ، شکیل منگنیجو، ناہید شاہ درانی کو سیکریٹریز کے اہم عہدوں پرلانے پر غور جبکہ کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔