چیف آف آرمی سٹاف کی چینی قیادت، عوام اور فوج کو پی ایل اے کی 89ویں سالگرہ پر مبارکباد

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے،آپریشن ضرب عضب تمام دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا‘ دہشتگردوں، جرائم پیشہ لوگوں اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے ہم پرعزم ہیں‘چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا چینی سفارتخانے میں سالگرہ کی تقریب کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 10:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جولائی۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے چینی قیادت، عوام اور فوج کو پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی 89ویں سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو چینی سفارتخانے میں سالگرہ کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے پی ایل اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فورس سے عوام کی طاقت اور یکجہتی کا اظہار ہوتا ہے، جس کے آگے کوئی منزل مشکل نہیں ہوتی، نہ کوئی فاصلہ ہوتا ہے اور نہ کوئی کام مشکل لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پاکستان کے عوام کو دونوں ممالک کی دوستی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیالات میں یکسانیت پاکستان اور چین کے مشترکہ ویژن اور یکساں منزل کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے سینکڑوں ملین افراد کی بہتری کا منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی سیکورٹی ہمارا قومی فریضہ ہے، اس منصوبے کی بروقت تکمیل میں ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب تمام دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں، جرائم پیشہ لوگوں اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے ہم پرعزم ہیں۔ چینی سفیر نے اس موقع پر پاک فوج کیلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج کا پاکستان اور خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن انتہائی کامیابی سے جاری ہے، چین کے عوام سی پیک منصوبے کو یقینی بنانے اور اس کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے ممنون ہیں۔

متعلقہ عنوان :