ون ڈے اورٹی20 اسکوڈ کی تشکیل کیلئے انضمام الحق کی مشاورت جاری

اظہر علی،سرفرازاحمد اور مکی آرتھر سمیت قومی اے ٹیم کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے رائے حاصل کی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سلیکشن کمیٹی سے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی اسکوڈ میں دو آل راونڈرز شامل کر نے کامطالبہ کردیا

بدھ 27 جولائی 2016 10:07

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جولائی۔2016ء )انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکوڈ کی تشکیل کے لئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اظہر علی،سرفرازاحمد اور مکی آرتھر سمیت قومی اے ٹیم کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے ٹیم کی تشکیل پر مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کی تشکیل کے لئے قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی ،ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے اہم ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چیف سلیکٹر نے انگلینڈ میں موجود قومی اے ٹیم کے کوچز باسط علی اور کبیر خان سے ملاقات کرکے نوجوان کھلاڑیوں کی کار کردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق دورہ انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جاہد علی ،سعود شکیل ،میرحمزہ اور حسن علی کے نام انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لئے زیر غور آئیں ہیں۔دوسری طرف ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سلیکشن کمیٹی سے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی اسکوڈ میں دو آل راونڈرز شامل کر نے کامطالبہ کردیا ہے۔ جس کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکوڈ میں بطورآل راونڈر عماد وسیم، محمد نواز اور حسن علی کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے

متعلقہ عنوان :