ملک میں گیس کی تقسیم کا فارمولہ بدلنے کی تجویز ؛ چھوٹے صوبوں نے اعتراض کر دیا

تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہر صوبے کی اپنی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی ہونا چاہیے

بدھ 27 جولائی 2016 10:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جولائی۔2016ء) ملک کے چھوٹے صوبوں نے گیس کی تقسیم کا فارمولہ تبدیل کرنے کی سفارش پراعتراض کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وفاق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے حق کو تسلیم کرے اور چھوٹے صوبوں کو انکی ضرورت کے مطابق گیس استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔گزشتہ روز وزارت پٹرولیم میں صوبوں کے درمیان گیس کی تقسیم پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وزیر پٹرولیم نے موجودہ گیس تقسیم فارمولہ تبدیل کرنے کی سفارش کی اور کہاکہ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو پہلی ترجیح دی جائے، موجودہ فارمولے کے باعث پنجاب کے گھریلو صارفین بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر خیبرپختون خوا، بلوچستان اور سندھ نے گیس تقسیم فارمولے پر اعتراض کیا اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے حق کو تسلیم نہیں کر رہی، صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گیس استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

اجلاس میں وفاق کی طرف سے گیس کی تقسیم و ترسیل کے نظام پر مستقبل میں 4 گیس ڈسٹری بیوشن اور 1ٹرانسمیشن کمپنی کی تشکیل کے حوالے سے تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہر صوبے کی اپنی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :