سرتاج عزیز کی بھارت کو کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر جامع مذاکرات کی دعوت

مشیر خارجہ سرتاج کی جان کیری سے ملاقات ، افغانستان میں مفاہمتی عمل کی اہمیت پر اتفاق

بدھ 27 جولائی 2016 10:37

لاؤس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جولائی۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارت کو کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر جامع مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔ آسیان ریجنل فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک سے بہتر اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔

پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامقصد ‘ بامعنی نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتا ہے۔ ہم تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرانا چاہتے ہیں اہوں نے کہا کہ پرتشدد انتہا پسندی ایک عالمی مسئلہ ہے پر تشدد انتہا پسندی کو کسی بھی مذہب‘ کسی فرقے‘ قومیت یا تہذیب سے نہیں جوڑا جاسکتا انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکت پر تشویش ہے عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

ادھرمشیر خارجہ سرتاج نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان میں مفاہمتی عمل کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کے فروغ کیلئے تیار ہیں، دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دہشتگرد گروپوں کے خاتمے کے لیے کوششوں کو سرا ہتے ہیں ، باہمی تعاون کا جائزہ لینے کے لیے مستقبل قریب میں پاکستان کا دور ہ کرنا چاہتا ہوں۔