الیکشن کمیشن ارکان پر حکومت،اپوزیشن کا اتفاق رائے نہ ہوسکا،12/12نام بھجوا دئیے

دونوں اطراف سے بھجوائے گئے ناموں پر پارلیمانی کمیٹی پیر کو غور کرے گی،الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر اتفاق آئینی مدت کے اندر ہی کر لیا جائے گا سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق قائمہ کمیٹی کی تجاویز ذیلی کمیٹی کو بھجوادیں ،الیکشن اصلاحات کا مسودہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،اسحاق ڈار

ہفتہ 23 جولائی 2016 10:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران پر اپوزیشن اور حکومت کے مابین اتفاق رائے نہ ہو سکا جس کے بعد دونوں جانب سے 12/12نام قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوا دئیے گئے ہیں جس پر سوموار کے روز پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا ،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق قائمہ کمیٹی کی تجاویزاصلاحات کی ذیلی کمیٹی کو بھجوادی گئی ہیں ،الیکشن اصلاحات کا مسودہ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جسے حتمی مشاورت کیلئے سیاسی جماعتوں کو بھجوادیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے مابین ایک دوسرے کو دئیے جانے والے ناموں پر اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد دونوں اطراف سے 12/12نام قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوا دئیے گئے ہیں جس پر قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی اگلے سوموار کے روز غور کرے گی انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر اتفاق آئینی مدت کے اندر ہی کر دیا جائے گا انہوں نے کہاکہ سینٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی سے متعلق چیرمین سینٹ کی جانب سے بھجوائی جانے والی سفارشات بھی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہیں جس پر غور کیا جا رہا ہے انہوں نے کہاکہ سینٹ فل ہاؤس کمیٹی کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے بارے میں 9سفارشات موصول ہوئی تھی وزیر خزانہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن الیکٹرانیک ووٹنگ اور بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری کے مراحل طے کر رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک پر تجربات کئے جا رہے ہیں انہوں نے بتایاکہ مشینوں کی خریداری کے بعداگلے آنے والے کسی بھی ضمنی انتخابات میں استعمال کیا جائے گاوزیر خزانہ نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے بھی قائمہ کمیٹی کی تجاوئز کو ذیلی کمیٹی کو بھجوایا گیا ہے اور اس سلسلے میں بھی مختلف آپشن پر غور کیا جا رہا ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن اصلاحات کے بارے میں بھی مختلف سٹیک ہولڈروں سے ملنے والی تجاویز کو یکجا کیا جارہا ہے اور انتخابی اصلاحات کا مسودہ تیاری کے اخری مراحل میں جیسے حتمی منظوری سے قبل سیاسی جماعتوں کو بھجوایا جا ئے گا۔