عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ، نواز شریف

مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریو ں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے انکی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری اور بھارتی مظالم کے خلا ف ہر فورم پر آ وا ز اٹھائیں گے ،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے،وزیراعظم کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلا س سے خطا ب اجلاس میں آرمی چیف ، ڈی جی آئی ایس آئی ، پاک بحریہ کے سربراہ، چےئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور وفاقی وزراء کی شرکت، آپریشن ضرب عضب اور شہروں میں انٹیلی جنس آپریشنز سے متعلق امو رکا جائزہ لیا گیا

ہفتہ 23 جولائی 2016 10:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جولائی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے اور کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھتے ہوئے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلا ف ہر فورم پر آ وا ز اٹھائیں گے،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نوازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کی صدارت کے دوران اجلاس میں شریف شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی شریک ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ، چےئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی راشد محمود ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید،قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ ،وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متعدد امور زیر غور آئے جن میں آپریشن ضرب عضب اور شہروں میں انٹیلی جنس آپریشنز سے متعلق جائزہ لیا گیا اور ائندہ کی حکمت عملی سے پر تفصیلی غور کیا گیا ،اجلاس میں کراچی آپریشن سے اب تک کیا حاصل ہوا ، اور آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے مزید فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے،افغانستان کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی کا معاملہ بھی ہے اور بھارتی جارحیت کے باعث مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال اور دیگر امور پر بھی غور کیا گیا جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر شرکاء نے تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مشکل گھڑی میں کشمیریوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہئے کیونکہ اس کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔