ایکنک نے 77ارب 65 کروڑ روپے کے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی

منصوبوں میں راولپنڈی/ اسلام آباد اور لاہور میں ایڈوانس میٹرنگ سسٹم، ہنزل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، سندھ میں چھوٹے ڈیم،حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی شامل کمیٹی کا اسلام آباد ماڈرن جیل کی ایکنک سے منظوری نہ لینے پر تحفظات کا اظہار

جمعرات 21 جولائی 2016 10:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جولائی۔2016ء) ایکنک نے 77ارب 65 کروڑ روپے سے زائد کے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے ان منصوبوں میں راولپنڈی اسلام آباد اور لاہور میں ایڈوانس میٹرنگ سسٹم، ہنزل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سندھ میں چھوٹے ڈیم اور حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی شامل ہے۔

کمیٹی نے اسلام آباد ماڈرن جیل کی ایکنک سے منظوری نہ لینے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں بدھ کے روز اسلام آباد میں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ایکنک نے وزارت پانی وبجلی کی جانب سے راولپنڈی سرکل ،ٹیکسلاڈویژن میں ایڈوانس میٹرنگ سسٹم اوراسلام آباد الیکٹریکل سپلائی کارپوریشن میں مارڈن بلنگ سسٹم کی منظوری دیدی ہے ،منصوبے پر16ارب 93کروڑروپے سے زائدکی لاگت آئے گی جبکہ اسی طرح کے لاہورالیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے نادرن سرکل ،سنٹرل سرکل اورجنوبی سرکل کے چارڈویژنوں کیلئے بھی منصوبے کی منظوری دی گئی ،جس پرمجموعی طورپر30ارب 27کروڑ46لاکھ روپے سے زائدکی لاگت آئے گی ،ایکنک نے وزارت پانی وبجلی کی جانب سے 500کلوواٹ، اسلام آبادمغربی سب سٹیشن کی بھی منظوری دیدی ہے ،جس پر 8 ارب 28کروڑ 83لاکھ روپے سے زائدکی لاگت آئے گی ،کمیٹی نے منصوبے کی منظوری کے ساتھ ساتھ وزارت کوہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے موقع پر ماحول کی صورتحال کومدنظررکھیں۔

(جاری ہے)

ایکنک کمیٹی نے وزارت کشمیرافیئروگلگت بلتستان کی جانب سے 20میگاواڈہنزل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بھی منظوری دیدی ہے ،جس پر6ارب 27کروڑ35لاکھ روپے سے زائدکی لاگت آئے گی ،میٹنگ میں وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آبادکے سیکٹرایچ 16میں ماڈرن جیل کی تعمیرکے منصوبے کی ایکنک سے منظوری نہ لینے پرتحفظات کا اظہار کیا گیا۔ منصوبے پر3ارب روپے 92کروڑ85لاکھ سے زائدکی لاگت آرہی ہے ۔

ایکنک نے سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کے اضلاع دادو، جام شورو،ملیر،حیدرآباد،مٹیاری ،ٹھٹھہ سجاول اورتھرپارکرمیں چھوٹے ڈیموں کی تعمیراورسیلاب سے بچاوٴکے منصوبے کی بھی توثیق کی ۔منصوبے پر9ارب98کروڑ40لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ایکنک نے وزارت مواصلات کی جانب سے لاہورسیالکوٹ موٹر وے کی تعمیرسے متاثرہونے والے زمین مالکان کوبھی معاوضوں کی ادائیگی کی منظوری دیدی ،جس پر5ارب90کروڑ41لاکھ روپے سے زائدکی لاگت آئے گی