دا سن کو حجاب کی وجہ سے خاتون اینکر پر تنقید کرنے کے خلاف 300 شکایات موصول

بدھ 20 جولائی 2016 10:33

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جولائی۔2016ء )برطانیہ میں پریس کی نگرانی کے ادارے کو اخبار ’دا سن‘ کے سابق ایڈیٹر کیلون مکینزی کی جانب سے حجاب کی وجہ سے خاتون اینکر پر تنقید کرنے کے خلاف 300 شکایات موصول ہوئی ہیں۔اپنے مضمون میں کیلون مکینزی نے فرانس کے شہر نیس میں حملے کی ٹی وی پر کوریج میں ایک خاتون صحافی کے حجاب پہننے پر تنقید کی تھی۔

دا سن کے سابق ایڈیٹر نے اپنے مضمون میں یہ سوال اٹھایا کہ کیا فاطمہ منجی کو چینل فور نیوز پر رپورٹنگ کرنے دینی چاہیے تھی یا نہیں۔ مکینزی نے اپنے کالم میں یہ لکھا تھا کہ ’مجھے یقین نہیں آیا‘ جب فاطمہ منجی خبروں کا بلیٹن پیش کر رہی تھیں۔فاطمہ منجی عام طور پر حجاب پہنتی ہیں۔ انھوں نے لندن سے پروگرام کی میزبانی مشترکہ طور پر اینکر جان سنو کے ساتھ کی جو نیس سے رپورٹنگ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

کیلون مکینزی نے لکھا:’ کیا انھیں کیمرے پر ایک ایسے وقت دکھانا مناسب تھا جب ایک مسلمان نے ایک اور بھیانک حملہ کیا تھا؟‘انھوں نے مزید کہا ’کیا یہ عام ناظرین کو دکھانا مناسب ہے جو حجاب کو مردوں کے معاشرے اور واضح طور پر پرتشدد مذہب میں عورتوں کی غلامی کی ایک علامت سمجھتے ہیں۔‘خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو ایک تیز رفتار ٹرک سے ہجوم کو کچلے جانے کے واقعے میں بچوں سمیت 84 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔