وزیراعظم نواز شریف ٹانگ کے زخم میں انفکیشن باعث بخار میں مبتلا ہو گئے

ڈاکٹروں نے علاج شروع کر دیا، اسلام آباد آمد ملتوی ، وزیراعظم صحت یاب ہوتے ہی اسلام آباد آئیں گے،ترجمان وزیراعظم ہاؤس

منگل 19 جولائی 2016 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جولائی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی ٹانگ کے زخم میں انفکیشن ہونے کے باعث وہ بخار میں مبتلا ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی اسلام آباد آمد ملتوی کر دی گئی ہے۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی ایک ٹانگ میں زخم میں انفکیشن ہوگیا ہے جس کے باعث وہ بخار مبتلا ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹروں نے ان کا علاج شروع کر دیا ہے اور بخار کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے آج (منگل) کے روز اسلام آباد آنا تھا جہاں انہوں نے کئی اجلاسوں کی صدارت بھی کرنی تھی تاہم انفکیشن اور بخار کے باعث ان کی آمد ملتوی کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ صحت یاب ہوتے ہی اسلام آباد آئیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی سرجری کے سلسلے میں لندن میں بھی اپوائنٹمنٹس ہیں اور وہ جلد ہی دوبارہ لندن بھی روانہ ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے وزیر اعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے سلسلے میں 40دن برطانیہ میں علاج کے لیے موجود تھے ،جس کے بعد ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا،جبکہ سرجری کے دوران انکی ٹانگ سے شریان لیکر دل میں لگائی گئی تھی جس کی وجہ سے وزیر اعظم کی ٹانگ میں زخم تاحال موجود ہے ۔