سندھ حکومت نے پولیس کیلئے پنجاب سے کمپیوٹرسسٹم سافٹ ویئر مانگ لیا

پنجاب پولیس کے زیراستعمال ہیومن ریسورس مینجمنٹ ‘ کمپلینٹ‘ تھانہ ریکارڈ مینجمنٹ‘ کریمنل ریکارڈ آفس ‘ سافٹ ویئر فراہم کئے جائیں گے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چیف سیکرٹری سندھ کے مراسلے پر پنجاب پولیس اور پی آئی ٹی بی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بھرپور معاونت کی ہدایت کر دی پی آئی ٹی بی وفاق‘ خیبرپختونخوا‘ فاٹا‘ بلوچستان اور گلگت بلتستان کو بھی حج‘ تعلیم‘ صحت اور پولیس کیلئے سافٹ ویئر فراہم کر رہی ہے،ڈاکٹر عمر سیف

اتوار 17 جولائی 2016 11:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جولائی۔2016ء)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سندھ حکومت کو پولیس کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سافٹ ویئر فراہم کرے گا۔ چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن نے پنجاب حکومت کو مراسلے میں پنجاب پولیس کے لئے زیراستعمال ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم ‘ کمپلینٹ سسٹم‘ پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم‘ ڈی آئی جی آپریشنز سسٹم اور کریمنل ریکارڈ آفس سسٹم کا سافٹ ویئر حاصل کرنے کے لئے مراسلہ ارسال کیا ہے۔

چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں ایک اجلاس کے دوران بتایا کہ وز یراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب پولیس سندھ حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب پولیس سافٹ ویئر کی کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے معاونت ہمارا فرض ہے۔

حکومت پنجاب سندھ پولیس کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز بلامعاوضہ فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر عمرسیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے حج مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم تیار کیا جا چکا ہے۔ وفاقی حکومت 422 فیڈرل سکولوں کے لئے سکول مانیٹرنگ سسٹم حاصل کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان گورنمنٹ اور حکومت سندھ ای لرننگ پروگرام سے مستفید ہو گی۔ خیبرپختونخوا پولیس کے لئے بھی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ آئی ٹی معاونت فراہم کر چکا ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا بھی حکومت پنجاب کے ای ویکسینیشن پروگرام کو اپنے صوبوں میں رائج کر رہے ہیں۔ پی آئی ٹی بی موٹروے پولیس اور وفاقی وزارت ماحول کے لئے کمپلینٹ سسٹم اور ڈاکومنٹ ٹریکنگ سسٹم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔