حکومت سندھ کا پولیس اور رینجرز کو اویس شاہ کی بازیابی اور امجد صابری قتل کے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم

اتوار 17 جولائی 2016 11:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جولائی۔2016ء)حکومت سندھ نے ایک مرتبہ پھر پولیس اور رینجرز کو حکم جاری کیا ہے کہ اویس شاہ کی بازیابی اور امجد صابری کے قتل کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے یہ حکم وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہفتہ کے روز سی ایم ہاوٴس میں اپنی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دیا،اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، صوبائی وزیر خوراک ناصر حسین شاہ اور چیف سیکریٹری محمد صدیق میمن نے شرکت کی ، اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی بدامنی کیس میں دئیے گئے احکامات اور اویس شاہ اغواء کیس کے دوران دی گئی ہدایات پر غور کیا گیا اوران احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اس اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے واضح ہدایات دیں کہ پولیس اور رینجرز مل کر دونوں کیس حل کرنے کی کوشش کرے اور ملزمان کو گرفتار کرے انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور دیگر ججوں کی کیفیت کو سمجھتے ہیں اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے ، وزیراعلیٰ سندھ نے روزانہ کی بنیاد پر دونوں مقدمات کی رپورٹیں طلب کر لیں۔