عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے گئے تمام منصوبوں کو 2018ء تک مکمل کر لیا جائے گا، عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے

وزیر اعظم محمد نوازشریف کی گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 16 جولائی 2016 11:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جولائی۔2016ء)وزیر اعظم محمد نوازشریف سے گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی،جس میں ملک کی مجموعی سیاستی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو جنوبی پنجاب کو درپیش اہم مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ جنوبی پنجاب میں شروع کئے گئے نئے پراجیکٹس بالخصوص واسا کی کارکردگی کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو فعال کرنے کے لئے مزید فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر نے وزیر اعظم کو پنجاب بھر کی یونیورسٹیوں کی کارکردگی اور ان کے معاملات اور معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس بالخصوص جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیش رفت کے بارے میں اعلیٰ احکام سے آگاہی حاصل کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے تمام پراجیکٹس کوانشا ء اللہ 2018ء تک ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے لاہور اور راولپنڈی میں جدید میٹر وبس سروس کی تکمیل کے بعد ملتان کے عوام کو بھی جدید اور محفوظ سفری سہولتیں میسر ہوں گی۔