آرمی چیف کو مارشل لاء لگانے کی دعوت دینا پانامہ لیکس سے بھی زیادہ خطرناک بات ہے، خورشید شاہ

آستینیں چڑھا کر باتیں کرنے اور خود کو شیر سمجھنے والے چوہدری نثار نے چار روز گزر جانے کے باوجود ان عناصر کو گرفتار نہیں کیا نواز شریف نے درالخلافہ لاہور منتقل کر لیا اور وہیں سے تمام فیصلے ہو رہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ہندوستانی سفیر کو طلب کرکے سخت احتجاج کرنا چاہیے تھا،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر حکومت نے اپنی ذمہ داری پارلیمنٹ پر ڈال دی ہے کشمیر کمیٹی کو مسئلہ کشمیر کے تناظر میں اپنا فعال کردا ادا کرنا چاہیے تھا،حکومت کشمیر میں انتخابات جیتنے کی بجائے چھیننا چاہتی ہے، فیصل راٹھور پر حملے میں نامزد ملزمان کے خلاف آیف آئی آر کے اندراج میں انکارپر آئی جی اسلام آباد کی حیثیت متنازعہ ہوچکی ، وزیر اعظم اس کا نوٹس لیکر انہیں فوری طور پر تبدیل کریں ،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 16 جولائی 2016 11:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جولائی۔2016ء )اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ آرمی چیف کو مارشل لاء لگانے کی دعوت دینا پانامہ لیکس سے بھی زیادہ خطرناک بات ہے، استینیں چڑھا کر باتیں کرنے اور خود کو شیر سمجھنے والے چوہدری نثار نے چار روز گزر جانے کے باوجود اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مارشل لاء کی دعوت دینے والے عناصر کو گرفتار نہیں کیا ہے ،نواز شریف نے اپنا درالخلافہ اسلام آباد سے لاہور منتقل کر لیا ہے اور وہیں سے تمام فیصلے ہو رہے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ہندوستانی سفیر کو طلب کرکے سخت احتجاج کرنا چاہیے تھا،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر حکومت نے اپنے ذمہ داری پارلیمنٹ پر ڈال دی ہے ،کشمیر کمیٹی کو مسئلہ کشمیر کے تناظر میں اپنا فعال کردا ادا کرنا چاہیے تھا،حکومت کشمیر میں انتخابات جیتنے کی بجائے چھیننا چاہتی ہے پی پی کے امیدوار اور کشمیر کے وزیر فیصل راٹھور پر حملے میں نامزد ملزمان کے خلاف آیف آئی آر کے اندراج میں انکارپر آئی جی اسلام آباد کی حیثیت متنازعہ ہوچکی ہے وزیر اعظم اس کا نوٹس لیکر انہیں فوری طور پر تبدیل کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا سید خورشید شاہ نے کہاکہ ملک بھر میں آرمی چیف کی حمایت اور انہیں مارشل لاء کی دعوت دینے کے حوالے سے جو بینرزلگائے گئے ہیں یہ پانامہ لیکس سے بھی زیادہ خطرناک ہے کیونکہ فوج کو بلانے کی دعوت دینا آئین کی شدید خلاف ورزی ہے انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جو اپنے آپ کو شیر سمجھتے ہیں اور آستینیں چڑھا کر باتیں کرتے ہیں انہوں نے چار روز گزر جانے کے باوجود بھی ابتک اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آرمی چیف کو مارشل لاء کی دعوت دینے والے عناصر کو گرفتا ر نہیں کیا ہے اور لگتا یہ ہے کہ وزارت داخلہ ان عناصر سے ملی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ ملک میں کھلی طور پر آئین کی خلاف ورزی اورآئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کو گرفتار نہ کرنے والوں کے خلاف بھی آرٹیکل6کے تحت کاروائی ہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے حوالے سینٹر اعتزاز احسن کی باتیں درست ثابت ہو رہی ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعطم پاکستان میاں نوازشریف نے اپنا درالخلافہ اسلام اباد سے لاہور منتقل کر دیا ہے اور اب وہیں سے تمام فیصلے ہو رہے ہیں اسلام آباد کی تمام انتظامیہ اس وقت لاہور منتقل ہوچکی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کا الیکشن جیتنے کی بجائے زبردستی چھیننا چاہتی ہے حکومت کشمیر میں پی پی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے اور اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے انہوں نے کہاکہ گز شتہ روز پی پی آزادکشمیر کے رہنما فیصل راٹھور پر فائرنگ کے بعد نامزد ملزمان کے خلاف آئی جی اسلام آبا د نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا گیا تھا ان کی حیثیت متنازعہ ہوچکی ہے وزیر اعظم آئی اسلام آباد کے رویے کا نوٹس لیکر انہیں فوری طور پر تبدیل کریں انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اگر موجودہ انتخابات کے دوران پی پی آزاد کشمیر کے کارکنوں یا عہدیداروں کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ دار ی مسلم لیگ ن پر عائد ہوگی انہوں نے کہاکہ حکومت مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے پیش نہ کرسکی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ہندوستان کے سفیر کو طلب کرکے سخت احتجاج کرنا چاہیے تھا مگر نہیں کیا گیا انہوں نے کہاکہ حکومت نے کشمیر کے مسئلے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر اپنے آپ کو بری الذمہ کرنے کی کوشش کی ہے ہم مشترکہ اجلاس میں حکومت کی کمزور پالیسیوں کو بے نقاب کریں گے انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کی آفادیت ختم ہوچکی ہے کشمیر کمیٹی کے زیادہ سے زیادہ اجلاس ہونے چاہیے تھے مگر نہیں ہوئے ہیں ۔