وزیراعلیٰ پنجاب سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم و تشدد کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں:شہبازشریف تحمل ،برداشت ،رواداری اوربھائی چارے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو ملکرکام کرنا ہے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اہم قومی امورپرسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکرفیصلے کیے گئے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 14 جولائی 2016 11:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جولائی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں جمعیت علماء اسلام (ف )کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چےئرمین مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ تین برس کے دوران ہر شعبہ میں بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے اورآج پاکستان ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ پرامن،محفوظ اورمعاشی طورپر مستحکم ہے اور دنیا بھی پاکستان کی حکومت کی تین سالہ کارکردگی کا برملااعتراف کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اہم قومی امورپرسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکرفیصلے کیے گئے ہیں ۔

ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو ملکرکام کرنا ہے اوراجتماعی بصیرت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ملک کو مسائل سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحمل ،برداشت، رواداری اوربھائی چارے کی جتنی آج ضرورت ہے شایدپہلے کبھی نہ تھی۔ اتحاد اوراتفاق کی قوت سے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے ناسور کا مکمل صفایا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت تشدد اورجبر کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی اورمقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔

بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پرعالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی پر مبارکباد دی۔