خورشید شاہ کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس :بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے اجلاس بے نتیجہ رہا، آج پھر اکٹھے ہوں گے قوم کو ایسا الیکشن کمیشن دیں گے جو غیر جانبدار اور سیاسی دباؤ سے آزاد ہوں، خورشید شاہ میرا بندہ اور تیرا بندہ والا کھیل نہیں ہوگا ، سیاسی وابستگی یا ہمدردی والا رکن کسی صورت نہیں بن سکتا ،شاہ محمود قریشی کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 جولائی 2016 10:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جولائی۔2016ء) الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتیں کسی بھی نتیجے پر نہ پہنچ سکی آج دوبارہ اجلاس ہوگا،غیر جانبدار الیکشن کمیشن ملک میں صاف و شفاف الیکشن کی ضمانت ہے سیاسی وابستگی یا ہمدردی رکھنے والے ناموں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں ،پانامہ لیکس کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 19جولائی کو ہوگا،اپوزیشن جماعتوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

بدھ کے روز الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی سربراہی میں منعقد ہوااجلاس میں شاہ محمود قریشی،صاحبزادہ طارق اللہ ،شیخ رشید احمد،حاجی غلام احمد بلور،بیرسٹر سیف ،حالد محموداور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں حکومت کی ای سی پی ممبران کیلئے جو نام فراہم کئے گئے تھے اور اپوزیشن جماعتوں نے جو نام پیش کئے تھے ان پر غور کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ قوم کو ایسا الیکشن کمیشن دے سکیں جو مکمل طور پر غیر جانبداز اور سیاسی دباؤ سے آزاد ہوانہوں نے کہاکہ ملک میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہیں کہ الیکشن کمیشن کے ممبران غیر جانبدار اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نہ ہوں اس وقت ذاتی خواہشات کی بناء پر ممبران کی نامزدگی نہیں کی جائے گی بلکہ ایسے ممبران کا تقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی سیاسی جماعت انگلی نہ اٹھا سکے انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس آج (جمعرات کو) دوبارہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اب میرا بندہ اور تیرا بندہ والا کھیل نہیں ہوگا جس کی بھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ وابستگی یا ہمدردی ہو وہ ممبر کی حیثیت سے نااہل ہوگااور اگر کسی کی ایسی کوئی خواہش ہے تو وہ اپنے دل سے نکال دے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے حکومت کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر بھی غور کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ 19جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گااس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہاکہ اجلاس میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے بھارتی جارحیت اور بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔