دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، نواز شریف

کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب سے امن وامان کے قیام میں مدد ملی ہے اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دے ، متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ نیہان بن مبارک سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 13 جولائی 2016 10:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جولائی۔2016ء)وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب سے امن وامان کے قیام میں مدد ملی ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دے گا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ نیہان بن مبارک نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔

معززمہمان نے وزیراعظم کی کامیاب سرجری اور جلد صحت یابی پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہناتھاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، کراچی آپریشن تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشورے سے شروع کیا گیا، آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن سے امن کے قیام میں مدد ملی ہے۔وزیر اعظم کا کہناتھاکہ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے ،توانائی کے متعدد منصوبے شروع ہیں ،2018 تک بجلی بحران پر قابو پالیا جائیگا ، ایل این جی کے شفاف معاہدوں سے گیس کی قلت بھی دور ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

نوازشریف کا کہناتھاکہ نوے کی دہائی میں موٹر وے بنائی ، اب 900ارب ر وپے موٹر وے کی 13 شاخوں پر کام ہو رہا ہے ، اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دے گا اور عام آدمی کی زندگی میں بھی خوشحالی لائیگا۔ شیخ نہیان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امراء پہنچے تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم کی کامیاب ہارٹ سرجری پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ شیخ نہیان بن مبارک وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد لاہور سے وطن روانہ ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں رخصت کیا۔